شمالی بھارت

ویڈیو: اکبر کو اسکولوں میں اب ”عظیم شخصیت“ کے طور پر نہیں پڑھایا جائے گا۔ راجستھان کے وزیرتعلیم کا اعلان

راجستھان کے وزیر تعلیم مدن دلاور نے اتوار کو اعلان کیاکہ مغل بادشاہ اکبر کو اب اسکولوں میں ایک عظیم شخصیت کے طور پر نہیں پڑھایا جائے گا۔

جئے پور: راجستھان کے وزیر تعلیم مدن دلاور نے اتوار کو اعلان کیاکہ مغل بادشاہ اکبر کو اب اسکولوں میں ایک عظیم شخصیت کے طور پر نہیں پڑھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
’کرشنا جنم بھومی ہندوؤں کے حوالے کردی جائے، ورنہ قانون اپنا کام کرے گا‘

انہوں نے اکبر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے برسوں تک ملک کو لوٹا اور زور دے کر کہا کہ مستقبل میں کسی کو”عظیم شخصیت“ کے طور پر مغل بادشاہ کی تعریف کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ریاستی وزیر نے یہ باتیں ادئے پور کی سکھادیا یونیورسٹی کے وویکانندا آڈیٹوریم میں ریاستی سطح کے 28 ویں ”بھاما شاہ سمن سماروہ“ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران کہیں۔ وزیرتعلیم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کے میواڑ کی عزت و وقار کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے مہارانا پرتاپ کو کبھی بھی عظیم شخصیت کا درجہ نہیں دیا گیا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تعلیم ایک اعلیٰ ترین فریضہ ہے اور اس مقصد کے لئے بھاماشاہ کی طرف سے دی گئی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال کیا جائے گا۔

جاریہ سال جنوری میں مدن دلاور نے مغل شہنشاہ اکبر کو ”ریپسٹ“ قرار دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اسکولی نصابی کتب سے عظیم شخصیت کے طور پر ان کا تذکرہ نکالا جائے۔ انہوں نے حکومت کی تبدیلی کے بعد اسکولی کتب میں اہم ترمیم کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی تھی۔

انہوں نے 30 جنوری کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ہمیں نصاب میں کوئی تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں لیکن ایسے مواد کو ہٹادیا جائے گا جو غیراخلاقی بیانات یا عظیم شخصیتوں کی توہین پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباواجداد جیسے ویرساورکر اور شیواجی کے بارے میں بہت سی گمراہ کن معلومات شامل ہیں۔

ان بیانات کو ٹھیک کیا جائے گا۔ دلاور نے مزید کہا تھا کہ کئی نصابی کتب میں یہ بتایا گیا ہے کہ ویرساور کر محب وطن نہیں تھے۔ جہاں اکبر کو عظیم شخص سمجھا جاتا ہے، شیواجی کو ”پہاڑی چوہا“ کہا جاتا ہے۔ اکبر کا رول مہارانا پرتاپ کے رول پر چھایا ہوا ہے۔ یہ بیانات قابل قبول نہیں اور ان کا جائزہ لیا جائے گا۔

a3w
a3w