شادی کی تقریب میں ایمبولینس کے ذریعہ پودینے کا ہار پیش، ویڈیو وائرل — مسلم سماج میں شدید برہمی
اس منظر کو دیکھ کر موجود نوجوان اور بزرگ سب ویڈیوز بناتے رہے، لیکن کسی نے بھی اس غیر مناسب حرکت کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے علاقے عطاپور میں پیش آیا ایک واقعہ سوشل میڈیا پر شدید بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ ایک شادی کی تقریب میں دلہا کے دوستوں نے حد سے بڑھ کر ایک ایسا عمل کیا جس پر مسلم سماج نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، فنکشن میں دلہا کے دوستوں نے پودینے کا ہار ایمبولینس کے ذریعے پیش کیا۔ ایمبولینس سائرن بجاتی ہوئی ہال کے سامنے پہنچی، جس پر لائٹس بھی لگی ہوئی تھیں۔ اندر سے اسٹریچر اُتارا گیا، جس پر سفید کپڑے میں لپیٹا ہوا ہار ایسے پیش کیا گیا جیسے کسی مردہ کو لے جایا جا رہا ہو۔ اس دوران باجا بھی بجایا گیا، جبکہ دلہا کے دو دوست ڈاکٹر کے کوٹ پہنے ہوئے تھے۔ اسٹیچر کو باقاعدہ اسٹیج تک لے جایا گیا اور پھر وہ ہار دلہا کو پہنایا گیا۔
اس منظر کو دیکھ کر موجود نوجوان اور بزرگ سب ویڈیوز بناتے رہے، لیکن کسی نے بھی اس غیر مناسب حرکت کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس حرکت کو بے شرمی، بے حیائی اور سماجی اقدار کی پامالی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جان بچانے والی ایمبولینس اور ڈاکٹر جیسے مقدس پیشے کو مذاق کا نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر ان نوجوانوں کے خلاف کارروائی کرے جنہوں نے نہ صرف سماج میں بگاڑ پیدا کیا بلکہ مذہبی اور اخلاقی اقدار کی بھی توہین کی۔