مہاراشٹرا

تبدیلی مذہب کی کوشش، امریکی شہری گرفتار

مہاراشٹر کے پونے ضلع کے پمپری چنچواڑ علاقہ میں زبردستی مذہب تبدیل کروانے کے الزام میں پولیس نے ایک امریکی شہری سمیت 3  افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

 پونے: مہاراشٹر کے پونے ضلع کے پمپری چنچواڑ علاقہ میں زبردستی مذہب تبدیل کروانے کے الزام میں پولیس نے ایک امریکی شہری سمیت 3  افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ معاملہ کی تفصیلی چھان بین جاری ہے اور متعلقہ شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے یہ کارروائی سنی بنسی لال دانانی نامی 27 سالہ شخص کی شکایت پر کی جو پمپری کیمپ میں ویشنو دیوی مندر کے قریب رہتا ہے۔ شکایت کے مطابق دانانی پر عیسائیت اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا‘ ذہنی طور پر اسے تکلیف دی گئی اور باور کرایا گیا کہ اگر وہ یسوع کو خدا مان لے تو اُسے خوشی‘ سکون‘ دولت اور ذہنی صحت حاصل ہوگی۔

مزید الزام میں کہا گیا کہ دیگر مذاہب اور دیوی دیوتاؤں کو صرف کہانیوں کا درجہ دے کر اس کے مذہبی عقائد کی توہین کی گئی اور مذہب تبدیل کرنے کی صورت میں مالی مدد کا لالچ بھی دیا گیا۔

اس شکایت کی بنیاد پر پمپری پولیس نے مقدمہ درج کیا جس میں 3  افراد شیفر جیوین جیکب (عمر 41‘ کیلیفورنیا‘امریکہ کا رہائشی جو اس وقت مکئی چوک پونے میں مقیم ہے)‘سٹیون وجئے کدم (عمر 46‘ ادیم نگر‘ اجمرا‘پمپری‘ پونے کا باشندہ) اور ایک دیگر نامعلوم شخص شامل ہیں۔

ان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ 299‘ 3 (5) اور فارنرس ایکٹ کی دفعہ 14 (b) (a) کے تحت مقدمہ درج کر کے 2 موبائل فون ضبط کر لیے گئے ہیں۔اس معاملہ کیتحقیقات پولیس سب انسپکٹر وجئے پاٹل کر رہے ہیں جو مختلف پہلوؤں پر تحقیق کے ساتھ ملزمین کی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔