دہلی

امیت شاہ کی باغیوں کو وارننگ۔عنقریب زبردست مہم شروع کرنے کا اعلان

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج نکسلائٹس سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کردیں، ہتھیار ڈال دیں اور خودسپردگی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ کرنے پر ان کے خلاف ایک زبردست کارروائی شروع کی جائے گی۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج نکسلائٹس سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کردیں، ہتھیار ڈال دیں اور خودسپردگی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ کرنے پر ان کے خلاف ایک زبردست کارروائی شروع کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں
ہزاری باغ میں سنگباری 10 بجرنگ دل کارکن زخمی
کنگنا کی کوئی تعلیمی لیاقت نہیں: گل
مابعدالیکشن تشدد، مسلم بی جے پی ورکر ہلاک
مرشدآباد میں رام نومی پر جھڑپیں، الیکشن کمیشن ذمہ دار: ممتا
ہلدوانی تشدد کی مجسٹرئیل تحقیقات کا حکم۔ 6 کروڑ کا نقصان

امیت شاہ نے یہاں اپنی قیامگاہ پر چھتیس گڑھ میں نکسل تشدد کے 55 متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 31مارچ 2026ء تک ماؤسٹ اپنی آخری سانس لیں گے اور اس وقت تک ان کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک سے نکسل تشدد اور آئیڈیالوجی کا خاتمہ کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔

امیت شاہ نے کہا کہ میں نکسلائٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تشدد ترک کردیں، ہتھیار ڈال دیں، خودسپردگی اختیار کریں جیسا کہ شمال مشرق کے انتہاء پسندوں نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ بات نہیں مانیں گے تو پھر ایک زبردست کارروائی کی جائے گی تاکہ اِس برائی کو ختم کیا جاسکے۔

امیت شاہ نے کہا کہ نکسل ازم انسانیت اور ملک کی داخلی سلامتی دونوں کے لئے خطرہ ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سیکوریٹی فورسس نے ماؤسٹوں کے خلاف اپنی کارروائیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ اب یہ مسئلہ چھتیس گڑھ کے چند اضلاع تک محدود ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت مارچ2026ء تک نکسل ازم کا مکمل خاتمہ کردینے کی پابند عہد ہے۔

مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بائیں بازو کی انتہاء پسندی اب چھتیس گڑھ کے چند اضلاع تک محدود ہوگئی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ماؤسٹوں نے کبھی پشوپتی ناتھ (نیپال) تا تروپتی (آندھراپردیش)تک ایک راہداری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن مودی حکومت نے اسے ناکام بنادیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ جو لوگ نکسلائٹس کے انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں انہیں نکسل ازم کی وجہ سے مصائب کا سامنا کرنے والوں کے انسانی حقوق کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ آئندہ تین ماہ میں چھتیس گڑھ کے نکسل تشدد سے متاثرہ عوام کے لئے ایک جامع فلاحی اسکیم وضع کرے گی۔ ریاستی حکومت کے ساتھ قریبی تال میل پیدا کرتے ہوئے یہ کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فلاحی اقدامات کے ذریعہ آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

ملازمتوں کے حصول، نگہداشت ِ صحت اور دیگر شعبوں میں مدد کی جائے گی۔ وزیرداخلہ نے کہا بایاں بازو کی انتہاء پسندی سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی اسکیموں کے ذریعہ مودی حکومت نے ماؤسٹوں کو یہ پیام دیا ہے کہ جو شخص انسانی جانوں کو بچاتا ہے وہ ہلاک کرنے والوں سے زیادہ عظیم ہے۔ امیت شاہ نے چھتیس گڑھ کے نکسل تشدد سے متاثرہ 55 افراد سے بات چیت بھی کی۔ یہ لوگ بسترپیس کمیٹی کے زیراہتمام یہاں آئے ہوئے ہیں۔

a3w
a3w