تلنگانہ

محبوب نگر میں اسکولی بس سیلاب میں پھنس گئی، 25 بچوں کو بچالیا گیا

ڈرائیور نے برج کے نیچے ٹھہرے ہوئے پانی میں سے بس نکالنے کی کوشش کی تاہم یہ بس، درمیان میں پھنس گئی۔ آہستہ آہستہ پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا جس کی وجہ سے نصف بس، پانی میں ڈوب گئی۔

حیدرآباد: ضلع محبوب نگر میں جمعہ کے روز کم از کم25 اسکولی بچوں کو اس وقت بچالیا گیا جبکہ انہیں لے جانے والی ایک بس سیلاب میں پھنس گئی۔ بس میں پانی داخل ہونے اور نصف بس پانی میں ڈوبنے کے بعد مقامی افراد نے ان بچوں کو بچالیا۔ یہ واقعہ ماجن پلی اور کوڈور کے درمیان پیش آیا۔ خانگی اسکول کی یہ بس، ایک ریلوے برج کے نیچے سے گذر رہی تھی۔

 اس علاقہ میں شدید بارش سے سڑک زیر آب آگئی۔ ڈرائیور نے برج کے نیچے ٹھہرے ہوئے پانی میں سے بس نکالنے کی کوشش کی تاہم یہ بس، درمیان میں پھنس گئی۔ آہستہ آہستہ پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا جس کی وجہ سے نصف بس، پانی میں ڈوب گئی۔

 بچے، مدد کے لئے چیخ وپکار کرنے لگے ڈرائیور نے مقامی افراد کو الرٹ کیا جس کے بعد مقامی افراد فوری مقام واقعہ پہنچے اور بچوں کو بحفاظت بس سے نکالیا۔ بھاشیم ٹینکو اسکول کی یہ بس، رامچندر پورم سے سوگور گدا تانڈہ جاری تھی کہ منیم کنڈا ریلوے اسٹیشن کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ بچوں کو بحفاظت بچالینے کے بعد ٹریکٹر کی مدد سے پانی میں پھنسی بس کو باہر نکالا گیا۔