آٹھ ماہ کا معصوم بچہ 10 رنگوں کو پہچان کر سب کو حیران کر رہا ہے
آندھراپردیش کے ضلع گنٹور کے ایس کے انصر اور ڈاکٹر رضوانہ بیگم کے فرزند انیس احمد نے صرف چھ ماہ کی عمر سے ہی سرخ، سیاہ، سفید، زرد، نیلا، سبز سمیت تقریباً دس رنگوں کو پہچاننے کی صلاحیت دکھائی ہے۔
حیدرآباد: آٹھ ماہ کا معصوم بچہ دس مختلف رنگوں کو پہچان کر سب کو حیران کر رہا ہے۔ آندھراپردیش کے ضلع گنٹور کے ایس کے انصر اور ڈاکٹر رضوانہ بیگم کے فرزند انیس احمد نے صرف چھ ماہ کی عمر سے ہی سرخ، سیاہ، سفید، زرد، نیلا، سبز سمیت تقریباً دس رنگوں کو پہچاننے کی صلاحیت دکھائی ہے۔
پیدائش کے وقت وزن کم ہونے کی وجہ سے والدین نے بچے کی نشوونما پر خاص توجہ دی۔ والدہ ڈاکٹر رضوانہ بیگم نے جسمانی اور ذہنی ارتقاء کو مدنظر رکھتے ہوئے بچے کے ساتھ مختلف سرگرمیوں کی مشق کرائی۔
اسی کے نتیجہ میں یہ بچہ رنگوں کی پہچان میں اپنی غیر معمولی صلاحیت دکھا رہا ہے۔
ارکان خاندان کے مطابق، اس لڑکے نے چھ ماہ کی عمر ہی سے رنگوں کو پہچاننے کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے پیش نظر انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے لئے درخواست بھی دی ہے تاہم اب تک اس پرکوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔
اس نومولود کے دادا رفیع نے کہاکہ ان کا پوتادس قسم کے رنگ پہنچانتا ہے۔چھوٹی چھوٹی لکڑیوں کی مدد سے جب اس کو رنگ دکھائے جاتے ہیں اورجب اس سے پہچان کرنے کی خواہش کی جاتی ہے تو وہ یہ پہچان کرتا ہے۔گزشتہ تین ماہ سے وہ بہتر طورپر ان رنگوں کو پہچان رہا ہے۔