ایشیاء

بنگلہ دیش: یونس حکومت کے وزراء میں قلمدان تقسیم، محمد یونس نے 27 وزارتیں اپنے پاس رکھیں

بنگلہ دیش کے عبوری قائد محمد یونس نے جمعہ کے دن نومقررہ مجلس مشیران کے قلمدانوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے 27وزارتیں بشمول دفاع اپنے پاس رکھیں۔

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے عبوری قائد محمد یونس نے جمعہ کے دن نومقررہ مجلس مشیران کے قلمدانوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے 27وزارتیں بشمول دفاع اپنے پاس رکھیں۔

متعلقہ خبریں
ایئر انڈیا نے ڈھاکہ كیلئے پروازوں پر پابندی لگا دی
برطانوی سفیر کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر احتجاج
ہند۔بنگلہ دیش تعلقات مساوات پر مبنی ہونا چاہئے:محمد یونس
بنگلہ دیش میں احتجاجی مظاہرے، اموات کی تعداد 201 تک پہنچ گئی (ویڈیو)
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ونڈے جیت لیا

انہوں نے منجھے ہوئے سفارت کار محمد توحید حسین کو وزارت خارجہ کا سربراہ بنایا۔ 84سالہ نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے جمعرات کے دن عبوری حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ انہوں نے شیخ حسینہ کی جگہ لی ہے، جو اچانک مستعفی ہوکر ہندوستان فرار ہوگئیں۔

محمد یونس کو چیف اڈوائزر (مشیراعلیٰ) کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ یہ عہدہ وزیراعظم کے مساوی ہے۔ دیگر مشیروں کا انتخاب طلبہ قائدین، فوج اور سیول سوسائٹی کے نمائندوں کے صلاح ومشورہ سے ہوا۔ فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈیر ایم شوکت حسین کو وزارت ِ داخلہ کی نگرانی سونپی گئی۔

وہ 2001تا 2005ء کولکتہ میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور 2006تا2009ء بنگلہ دیش کے معتمد ِ خارجہ رہ چکے ہیں۔ بنگلہ دیش بینک کے سابق گورنر صلاح الدین احمد وزارتِ فینانس کے انچارج ہوں گے، جبکہ اٹارنی جنرل اے ایف حسن عارف مجالس مقامی کی وزارت کے نگراں ہوں گے۔

طلبہ تحریک کے 2 کوآرڈنیٹر کو عبوری کابینہ میں جگہ دی گئی۔ ایم ناہید اسلام کو مواصلات و انفارمیشن تکنالوجی اور آصف محمود کو یوتھ و اسپورٹس کی وزارتیں دی گئیں۔