دہلیسوشیل میڈیا

گجرات کے ایک دلت ورکر کو اروند کجریوال کی دعوت

عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج گجرات میں اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی اور ایک حفظانِ صحت ورکر کو دہلی میں اپنے گھر پر کھانے کی دعوت دی۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج گجرات میں اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی اور ایک حفظانِ صحت ورکر کو دہلی میں اپنے گھر پر کھانے کی دعوت دی۔

انہوں نے حفظانِ صحت ورکرس کے ساتھ میٹنگ کے دوران اس کارکن کو یہ دعوت دی۔ یہ عام آدمی پارٹی سربراہ کا ایک اور ورکنگ کلاس گروپ ہے جو تین پہئے کی گاڑی والوں اور ٹیکسی ڈرائیورس پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ دہلی اور پنجاب میں یہ حکمت ِ عملی پارٹی کے لیے کارآمد ثابت ہوئی ہے۔

احمد آباد کے بلدی ملازم ہرش سولنکی کل اپنے خاندان کے ساتھ دہلی کا دورہ کریں گے۔ اس کا سارا خرچ کجریوال برداشت کریں گے۔ یہ خاندان پنجاب بھون میں قیام کرے گا۔ ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران سولنکی نے کہا تھا ”جناب! میری ایک درخواست ہے۔

گزشتہ مرتبہ آپ جس طرح دہلی آئے تھے اور ایک آٹو ڈرائیور کے گھر پر ڈنر کیا تھا، کیا آپ اسی طرح والمیکی برادری کے کسی شخص کے گھر آئیں گے اور اس کے ساتھ کھانا کھائیں گے؟“ کجریوال نے کہا ہرش میں یقینا آپ کے گھر آؤں گا، لیکن اُس سے پہلے میری ایک تجویز ہے، کیا آپ اسے قبول کریں گے؟

جب سولنکی نے اس سے اتفاق کیا تو کجریوال نے کہا میں نے دیکھا ہے کہ الیکشن سے پہلے تمام قائدین دلتوں کے گھر جاتے ہیں اور کھانا کھاتے ہیں، لیکن آج تک کسی لیڈر نے کسی دلت کو اپنے گھر مدعو نہیں کیا ہے۔ تو کیا آپ کھانا کھانے میرے گھر آئیں گے؟ حاضرین کی تالیوں اور سیٹیوں کی گونج میں اس دعوت کو قبول کرلیا گیا۔

کجریوال نے کہا کہ وہ پانچ ارکان پر مشتمل اس خاندان کو کل پرواز کے ٹکٹ روانہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ چیف منسٹر کے گھر آئیں گے اور اوپر کی منزل پر آپ کا خاندان اور میرا خاندان مل کر کھانا کھائیں گے اور آئندہ جب میں احمد آباد آؤں گا تو میں آپ کے گھر کھانا کھاؤں گا۔