وائی ایس آر سی پی کارکنوں پر حملے فوری روکے جائیں :جگن موہن ریڈی
جگن موہن ریڈی نے مزید الزام عائد کیا کہ محکمہ پولیس، حکمراں جماعت (ان کا اشارہ ٹی ڈی پی کی طرف تھا) کے دباؤ میں ہے جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وائی ایس آر سی پی کے دور اقتدار میں ریاست میں امن تھا۔
امراوتی: وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جمعرات کے روز الزام عائد کیا کہ نئی حکومت کی تشکیل سے قبل ٹی ڈی پی، آندھرا پردیش میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور انہوں نے ریاستی گورنر ایس اے نذیر سے اپیل کی کہ وہ وائی ایس آر سی پی کے کارکنوں پر حملوں کو روکنے کیلئے مدد کریں۔
ٹی ڈی پی۔ جنا سینا اور بی جے پی پرمشتمل این ڈی اے کے ہاتھوں اسمبلی ولوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو کراری شکست کے بعد جگن موہن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی ڈی پی کیڈر، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ورکرس پر حملہ کررہا ہے۔
خانگی اور سرکاری املاک جیسے ولیج سکریٹریٹس اور رعیتو بھروسہ کیندر اس کو تباہ کیا گیا ہے۔ وائی ایس آر سی پی کے قائدین اور کارکنوں کی کوئی سلامتی نہیں ہے۔ سابق چیف منسٹر جگن نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ محکمہ پولیس، حکمراں جماعت (ان کا اشارہ ٹی ڈی پی کی طرف تھا) کے دباؤ میں ہے جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وائی ایس آر سی پی کے دور اقتدار میں ریاست میں امن تھا۔
انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ زرد گینگ پر (ٹی ڈی پی کارکنوں) پر لگام کسنے کیلئے فوری مداخلت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ، املاک اور سرکاری اثاثوں کی حفاظت ناگزیر ہے۔ دریں اثنا انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے تمام متاثرہ کارکنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔