کے چندرشیکھر راو سے رقم لے کر فون ٹیپنگ کیس کے شواہد مٹانے کی کوشش:دھرم پوری اروند
انہوں نے اتم کمار ریڈی کو بی آر ایس کا آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینے سے ہی شہروں کی ترقی ممکن ہے۔ اروند نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو ان انتخابات میں کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کے بغیر میدان میں اتری ہے۔
حیدرآباد: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ دھرم پوری اروند نے اتوار کو بلدی انتخابات کی مہم کے دوران تلنگانہ کے وزیرآبپاشی اتم کمار ریڈی پر سنسنی خیز الزامات عائد کئے۔
انہوں نے اتم کمار ریڈی کو بی آر ایس کا آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینے سے ہی شہروں کی ترقی ممکن ہے۔ اروند نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو ان انتخابات میں کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کے بغیر میدان میں اتری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی آر ایس کے ساتھ ان کا کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اروند نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کے چندرشیکھرراو سے رقم لے کر فون ٹیپنگ کیس کے شواہد مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اسٹیٹ فارنسک سائنس لیبارٹری میں آگ لگانے کا واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ ثبوتوں کو ختم کیا جا سکے۔ اروند نے یہ شبہ ظاہر کیا کہ مشن کاکتیہ اور کالیشورم کرپشن معاملات میں رقم کے عوض ہی کے چندرشیکھرراوکے خاندان کے افراد کو جیل نہیں بھیجا جا رہا ہے۔
انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو اقتدار میں آئے کافی وقت گزر چکا ہے لیکن اس نے ابھی تک اپنے انتخابی وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا۔