ٹولی چوکی کے تاجر کو نقلی سونا فروخت کرنے کی کوشش ناکام، ابراہیم، ملزم حسن کو ساتھ لے کر پولیس اسٹیشن پہونچ گئے
نقلی سونا فروخت کرنے کی اسکیم اس وقت ناکام ہوگئی جبکہ ملزم سے اس کا مطلوبہ شکار اس سے زیادہ ذہین نکلا اور وہ اسے (ملزم)، اپنے ساتھ فلم نگر اسٹیشن لے گیا اور ملزم کو پولیس کے حوالہ کردیا۔
حیدرآباد: نقلی سونا فروخت کرنے کی اسکیم اس وقت ناکام ہوگئی جبکہ ملزم سے اس کا مطلوبہ شکار اس سے زیادہ ذہین نکلا اور وہ اسے (ملزم)، اپنے ساتھ فلم نگر اسٹیشن لے گیا اور ملزم کو پولیس کے حوالہ کردیا۔
ٹولی چوکی کے رہنے والے52سالہ تاجر عبداللہ ابراہیم کے ساتھ ملزم انعام الحسن،6جنوری سے مسلسل رابطہ میں رہا۔ ملزم نے 8 کیلو سونا جس کی مالیت2کروڑ روپے بتائی گئی ہے، فروخت کرنے کی پیشکش کے معاملہ میں ملوث تھا۔
انوسٹی گیشن آفیسر ایم ستیش کمار نے یہ بات بتائی۔ ابراہیم کی جانب سے سونا خریدنے سے مسلسل انکار کے باوجود حسن نے دعویٰ کیا کہ وہ، قیمتی زرد دھات (سونا) کے ساتھ راجستھان سے سفر کرتے ہوئے حیدرآباد پہونچا ہوں۔
انعام الحسن نے 16جنوری کو سمپل کے طور پر ابراہیم کو سونے کے 2بسکٹس دئیے اور تاجر سے کہا کہ وہ اس سونے کی اصلیت کی تصدیق کرالیں۔ آفیسر نے یہ بات بتائی۔ عبداللہ ابراہیم نے سونا کا ٹسٹ (جانچ) کرایا مگر یہ سونا نقلی نکلا۔
انہیں احساس ہوا کہ انعام الحسن انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کررہا ہے تاہم ابراہیم نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسن سے کہا کہ وہ میرے ساتھ کار میں چلیں، تاکہ لین دین کی ڈیل کو قطعیت دے سکیں۔
حسن، ابراہیم کی کار میں سوار ہوگیا۔ عبداللہ ابراہیم تاجر، کار سیدھا فلم نگر پولیس اسٹیشن میں لے گئے اور ملزم انعام الحسن کو پولیس کے حوالہ کردیا۔ حسن، شکایت کنندہ کو سونے کے نقلی بسکٹس کے ذریعہ دھوکہ دینے کے مقصد سے راجستھان سے حیدرآبادآیا تھا۔