خواجہ کو آؤٹ دینے کے فیصلہ پر آسٹریلوی میڈیا برہم
ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا حالانکہ اس کی شروعات بہت خراب رہی۔

ناگپور: ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا حالانکہ اس کی شروعات بہت خراب رہی۔
ہندوستان کے تیز گیند باز محمد سراج اور محمد سمیع نے آسٹریلوی اوپننگ جوڑی کو تہس نہس کردیا۔ آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی وکٹ پر صرف 13 گیندیں ہی ٹک سکی۔ پہلے عثمان خواجہ 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے اس کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی 3 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلوی میڈیا نے عثمان خواجہ کو آؤٹ کرنے پر سوالات اٹھانا شروع کردیے۔ آسٹریلیا کے بڑے چینل فاکس کرکٹ نے عثمان خواجہ کی وکٹ پر سوالات اٹھادیئے۔ عثمان خواجہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے اور انہیں امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا۔ لیکن جب ٹیم انڈیا نے ڈی آر ایس لیا تو اس کا پتہ چلا۔
اس کے بعد فاکس کرکٹ نے عثمان خواجہ کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہوں نے بال ٹریکر سے ہی سوال کیا۔ فاکس کرکٹ کے ٹوئٹر ہینڈل نے ٹویٹ کیاکہ آیا بال ٹریکر ٹوٹ گیا تھا۔
دراصل یہاں فاکس کرکٹ یہ کہنا چاہتی تھی کہ جس گیند پر عثمان خواجہ آؤٹ ہوئے وہ لیگ اسٹمپ کے باہر تھی۔ لیکن تصویر دیکھ کر یہ واضح ہے کہ گیند صرف اسٹمپ لائن میں لگائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اسپن گیند باز آسٹریلوی ٹیم کو مسلسل پریشان کررہے تھے لیکن ان کے اوپنرز نے ہندوستانی فاسٹ بولرز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ عثمان خواجہ کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی سمیع کی ورلڈ کلاس گیند پر بولڈ ہوئے۔ سمیع کی گیند پچ پر گرنے کے بعد تیزی سے آئی اور وارنر کے اسٹمپ اڑگئے۔