رامپور کے ضمنی انتخاب میں اتحاد کا مظاہرہ کرنے اعظم خان کی تلقین
اعظم خان نے پارٹی کے ارکان اور کارکنوں سے کہا کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور 5 دسمبر کو مقرر ضمنی انتخاب میں ایس پی کے امیدوار عاصم راجہ کی کامیابی کیلئے کام کریں۔

رامپور: سماج وادی پارٹی قائد محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ بہتر یہ ہو گا کہ واقعات کا مشاہدہ کیا جائے اور ان حالات میں بہترین مقابلہ کیا جائے۔ انہوں نے نامہ نگاروں کے ساتھ غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ برسر اقتدار افراد کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں کے بارے میں تبصرہ کرنے کا کیا فائدہ۔
اس ضمنی انتخاب میں ہمیں اتحاد اور جمہوریت کی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کیلئے ایک مثال قائم کرنی چاہئے۔ اعظم خان نے پارٹی کے ارکان اور کارکنوں سے کہا کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور 5 دسمبر کو مقرر ضمنی انتخاب میں ایس پی کے امیدوار عاصم راجہ کی کامیابی کیلئے کام کریں۔
اعظم خان کو اس وقت ایک بڑا دھکہ لگا جب ان کے قریبی مدد گار فصاحت علی خان نے حال ہی میں زائد از 250 ورکرس کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہاکہ سماج وادی پارٹی نے کبھی ذات یا مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا۔
میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ انتخابات تو آتے جاتے رہتے ہیں لیکن اس مرتبہ رامپور کے ضمنی انتخاب میں اتنی سنگین ناانصافی کی جارہی ہے کہ آنے والی نسلیں خون کے آنسو بہائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ لوگ (برسراقتدار افراد) لوگوں کے مظالم سہنے اور ظلم کو برداشت کرنے کی صلاحیت دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔