باباصدیقی قتل کیس، شوٹر شیوکمار یوپی سے گرفتار، دیگر4 ملزمین کو بھی پکڑ لیا گیا
ممبئی پولیس اور اترپردیش ایس ٹی ایف نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اتوار کے روز ایک مطلوبہ شوٹر شیوکمار کو این سی پی لیڈر بابا صدیقی قتل کیس میں شمالی ریاست سے دیگر 4 افراد کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
ممبئی/لکھنؤ (پی ٹی آئی) ممبئی پولیس اور اترپردیش ایس ٹی ایف نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اتوار کے روز ایک مطلوبہ شوٹر شیوکمار کو این سی پی لیڈر بابا صدیقی قتل کیس میں شمالی ریاست سے دیگر 4 افراد کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
مہاراشٹرا کے سابق وزیر 66 سالہ بابا صدیقی کو تین حملہ آوروں نے 12/اکتوبر کو ممبئی کے باندرہ ایسٹ علاقہ میں ان کے لڑکے ذیشان صدیقی کے دفتر کی عمارت کے باہر گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔ ان کے سینہ میں دو گولیاں لگی تھیں اور انہیں فوری لیلاوتی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔
ایس ٹی ایف اور ممبئی کرائم برانچ نے آج (اتوار کے روز) شوٹر شیوکمار اور اُس کے 4 محافظین کو ضلع بہرائچ کے نانپاڑہ میں گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر اینڈ ایس ٹی ایف) امیتابھ یش نے لکھنؤ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ شیوکمار نیپال فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دیگر 4 افراد انوراگ کشیب، گیان پرکاش ترپاٹھی، آکاش شری واستو اور اکھلیندر پرتاب سنگھ کو شیوکمار کو پناہ دینے اور اسے نیپال فرار ہونے میں مدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس نے کہا تھا کہ محروس جرائم پیشہ لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول نے جو کناڈا میں مقیم ہے۔ مبینہ طور پر اس قتل کے پس پردہ کارفرما ہیں لیکن اس کا مقصد واضح نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمین کا پتا چلانے اور اس کی تصدیق کرنے کے بعد اترپردیش ایس ٹی ایف کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں ممبئی کرائم برانچ کے 21 پولیس عہدیداروں اور عملہ نے حصہ لیا، کارروائی کی گئی۔گرفتار شدگان کو ممبئی لایا جارہا ہے۔
یوپی پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بابا صدیقی کو گولی مارے جانے کے بعد کہا تھا ملزم دھرم راج کشیب (19) اور شیوکمار عرف شیواگوتم(20)ضلع بہرائچ کے قیصر گنج پولیس اسٹیشن کے حدود کے ساکن ہیں۔