بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے فوج سے مدد مانگ لی
بنگلہ دیش میں موجودہ سیاسی عدم استحکام کے پیش نظر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اس سال 3 سے 20 اکتوبر تک ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد کیلئے آرمی چیف سے سیکوریٹی طلب کی ہے۔

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں موجودہ سیاسی عدم استحکام کے پیش نظر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اس سال 3 سے 20 اکتوبر تک ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد کیلئے آرمی چیف سے سیکوریٹی طلب کی ہے۔
اس وقت بنگلہ دیش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ہندوستان، سری لنکا یا متحدہ عرب امارات میں انعقاد کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ اور میرپور میں منعقد ہوناہے۔ بی سی بی امپائرنگ کمیٹی کے چیرمین افتخار احمد نے کہاکہ بنگلہ دیش ٹورنامنٹ کو کامیابی سے کرانے کی کوشش کر رہا ہے اور ہم نے ورلڈکپ کیلئے آرمی چیف کو خط بھیجا ہے کیونکہ ہمارے پاس صرف دو ماہ باقی ہیں۔
بنگلہ دیش میں بدامنی کے درمیان بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اب 5 روز قبل 12 اگست کو دورہ پاکستان کیلئے روانہ ہوگی۔
بنگلہ دیش کو پاکستان میں دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے جس کا آغاز 21 اگست سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی میں تمام ضروری تربیتی سہولیات فراہم کر کے بنگلہ دیش کو طویل مدت کیلئے میزبانی کی پیشکش کی تھی۔