جعلی کیو آر کوڈ سے ہوشیار! ادائیگی سے پہلے چند آسان احتیاطی تدابیر ضرور جان لیں
اکثر لوگ جلدی میں بغیر تصدیق کے فوراً ادائیگی کر دیتے ہیں، جس سے دھوکہ بازوں کو موقع مل جاتا ہے۔ اس لیے ادائیگی سے پہلے تمام تفصیلات اچھی طرح دیکھ لینا ضروری ہے۔
نئی دہلی: موجودہ دور میں ڈیجیٹل ادائیگی کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ہر عمر کے افراد چھوٹی بڑی خریداری کے لیے کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کو ترجیح دیتے ہیں۔ چاہے ایک ٹافی خریدنی ہو یا گھر کا سامان لینا ہو، اکثر لوگ فوری طور پر موبائل سے کیو آر کوڈ اسکین کر کے ادائیگی کر دیتے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہی آسانی بعض اوقات خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
آج کل سائبر مجرم جعلی کیو آر کوڈ لگا کر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور ان کی رقم ہڑپ کر لیتے ہیں۔ کئی مرتبہ دھوکہ باز اصل کیو آر کوڈ کے اوپر دوسرا جعلی کیو آر کوڈ چپکا دیتے ہیں۔ جب گاہک اسے اسکین کر کے ادائیگی کرتا ہے تو رقم دکاندار کے بجائے دھوکہ باز کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہو جاتی ہے۔
اس قسم کی آن لائن دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ماہرین نے چند اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کاغذ یا اسٹیکر کو غور سے دیکھیں: ادائیگی کرنے سے پہلے کیو آر کوڈ کو اچھی طرح دیکھیں۔ کئی مرتبہ اصل کوڈ کے اوپر دوسرا کاغذ یا اسٹیکر چپکا ہوتا ہے جس کے ذریعے فراڈ کیا جاتا ہے۔
نام ضرور چیک کریں: کیو آر کوڈ اسکین کرنے کے بعد اسکرین پر ظاہر ہونے والے نام کو ضرور چیک کریں۔ اگر نام دکاندار یا متعلقہ شخص کے بجائے کسی اور کا نظر آئے تو ادائیگی نہ کریں۔
جلد بازی سے گریز کریں: اکثر لوگ جلدی میں بغیر تصدیق کے فوراً ادائیگی کر دیتے ہیں، جس سے دھوکہ بازوں کو موقع مل جاتا ہے۔ اس لیے ادائیگی سے پہلے تمام تفصیلات اچھی طرح دیکھ لینا ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق تھوڑی سی احتیاط اور توجہ کے ذریعے بڑے مالی نقصان اور آن لائن فراڈ سے بچا جا سکتا ہے۔