قومی

بہار ایس آئی آر، اپوزیشن پارلیمنٹ میں بحث پر اٹل

قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ملیکارجن کھرگے نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ انڈیا بلاک جماعتیں بہار میں فہرست رائے دہندگان کی باریکی سے جانچ کی خصوصی مہم پر پارلیمنٹ میں بحث کے لئے متحد ہیں کیونکہ یہ تمام ہندوستانیوں کے حق ِ رائے دہی کے تحفظ کے لئے اہم ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ملیکارجن کھرگے نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ انڈیا بلاک جماعتیں بہار میں فہرست رائے دہندگان کی باریکی سے جانچ کی خصوصی مہم پر پارلیمنٹ میں بحث کے لئے متحد ہیں کیونکہ یہ تمام ہندوستانیوں کے حق ِ رائے دہی کے تحفظ کے لئے اہم ہے۔

وجئے چوک پر انڈیا بلاک قائدین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کھرگے نے دعویٰ کیا کہ اقلیتوں‘ دلتوں اور آدی واسیوں کو اپنے حق رائے دہی سے محروم کردیئے جانے کا جوکھم لاحق ہے۔انڈیا بلاک جماعتیں چاہتی ہیں کہ بہار ایس آئی آر پر پارلیمنٹ میں بحث ہو لیکن حکومت اس کے لئے تیار نہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ہم اسپیکر‘ صدرنشین اور حکومت سے باربار اپیل کررہے ہیں کہ لوگوں کا حق رائے دہی نہ چرایا جائے۔ ایس آئی آر مشق کے تحت یہی ہورہا ہے۔ حکومت اور دونوں ایوانوں میں کرسی ئ صدارت کے اس بیان کے حوالہ سے کہ آزاد دستوری ادارہ ہونے کے ناطہ الیکشن کمیشن آف انڈیا پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں ہوسکتی‘ ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ آسمان تلے ہر چیز پر بحث ہوسکتی ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ اس پر بحث کا موقع ملے۔ فہرست رائے دہندگان میں مسائل ہیں۔ ووٹ چوری کئے جارہے ہیں۔ غیرجمہوری طریقہ سے یہ ہورہا ہے۔ ایک طرح سے لوگوں کی شہریت کو مشکوک کردینے کی کوشش ہورہی ہے۔ ترنمول کانگریس قائد ساگریکا گھوش نے کہا کہ ہم ایس آئی آر مسئلہ پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں بنگالی بولنے والوں پر حملوں پر بھی تشویش ظاہر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11  اگست کو انڈیا بلاک جماعتیں الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کریں گی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے دعویٰ کیا کہ اقلیتیں‘ دلت‘ آدی واسی اور منریگا ورکرس اپنے حق رائے دہی سے محروم ہورہے ہیں۔ مائیگرنٹ ورکرس کا حق چھینا جارہا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایس آئی آر پر بحث ہو۔ ڈی ایم کے قائد ٹی شیوا نے کہا کہ ہم یہاں عوام کو یہ پیام پہنچانے کے لئے اکٹھا ہوئے ہیں کہ پارلیمنٹ میں کیا ہورہا ہے۔ پی سندوش کمار (سی پی آئی) نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی آر اور سی اے اے ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے ای ٹی محمد بشیر نے کہا کہ یہ صرف بہار کا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ الیکشن کے سارے سسٹم پر اثرانداز ہوگا اس لئے ہمیں اس کے خلاف پوری قوت سے لڑنا چاہئے۔