دہلی

بہار ٹاپرس اسکام، 3 کروڑ روپئے اور28 جائیدادوں کے کاغذات ضبط

بہار میں کئی مقامات پر تلاشی لینے کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے 2016 کے ٹاپرس اسکام کیس کے اصل ملزم بچہ رائے عرف امیت کمارتے سے جڑی 28 جائیدادوں کے کاغذات اور 3 کروڑ روپیوں کی نقد رقم ضبط کرلی۔

نئی دہلی: بہار میں کئی مقامات پر تلاشی لینے کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے 2016 کے ٹاپرس اسکام کیس کے اصل ملزم بچہ رائے عرف امیت کمارتے سے جڑی 28 جائیدادوں کے کاغذات اور 3 کروڑ روپیوں کی نقد رقم ضبط کرلی۔

ذرائع نے یہ بات بتائی۔ ای ڈی اس خبر پر حرکت میں آئی تھی کہ رائے کی جائیداد میں تازہ تعمیراتی کام ہوا ہے۔ اس جائیداد کو ای ڈی پہلے ہی ضبط کرچکی تھی۔ ای ڈی ذرائع نے بتایاکہ ہفتہ کے دن تلاشی میں رقم اور جائیداد کے کاغذات کے ضبط ہوئے۔

کاغذات کا جائزہ لیاجارہا ہے۔ ایجنسی کی ٹیم کو رائے کے بی ایڈ کالج میں بے قاعدگیوں کا بھی کافی ثبوت ملا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایجنسی کو سرکاری فنڈس میں غبن کا ثبوت ملا ہے۔

ای ڈی نے بہار کے ویشالی بھگوان پور علاقہ میں کئی مقامات پر تلاشی لی۔ ایجنسی نے مارچ 2018 میں 4.53 کروڑ کے اثاثے ضبط کئے تھے۔

اسکام 31 مئی 2016 کو اُس وقت منظر عام پر آیا تھا جب ٹی وی نیوز چانلس نے بہار اسکول ایجوکیشن بورڈ آرٹس ٹاپر روبی رائے، سائنس ٹاپر سوربھ شریشٹھ اور سائنس کے تیسرے ٹاپر راہول کمار کا انٹرویو لیا تھا۔ یہ تینوں بنیادی سوالات کا تک جواب نہیں دے پائے تھے جس کے بعد تحقیقات کی گئی تھی۔