سلمان خورشید کے بنگلہ دیش جیسے بحران والے ریمارک پر بی جے پی کی تنقید
سینئر کانگریس قائد سلمان خورشید اپنے ان ریمارکس پر چہارشنبہ کے دن بی جے پی کی تنقید کا نشانہ بن گئے کہ ہندوستان میں بنگلہ دیش جیسی افراتفری اور بے چینی کا امکان ہے۔
نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد سلمان خورشید اپنے ان ریمارکس پر چہارشنبہ کے دن بی جے پی کی تنقید کا نشانہ بن گئے کہ ہندوستان میں بنگلہ دیش جیسی افراتفری اور بے چینی کا امکان ہے۔
بی جے پی ترجمان شہزاد پوناوالا نے کانگریس قائد کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا متنازعہ بیان دیتے ہوئے تشدد کے لئے اُکسارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کانگریس کی راج نیتی کو راشٹرنیتی سے بالا تر رکھنے کی ذہنیت کا پتہ چلتا ہے۔
انہوں نے پوچھا کہ آیا راہول گاندھی اپنے قائد کے اس بیان کی توثیق کریں گے۔ شہزاد پوناوالا نے کہا کہ راہول گاندھی نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر طلب کردہ کل جماعتی اجلاس میں حکومت کے موقف کی بھرپور تائید کی تھی۔
منگل کے دن سلمان خورشید نے یہ کہتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی تھی کہ ہندوستان میں بنگلہ دیش جیسا تشدد اور بے چینی ممکن ہے۔ ایک کتاب کی رسمِ اجراء کے موقع پر انہوں نے شاہین باغ احتجاج کے تعلق سے اظہاررائے کیاتھا۔ انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ بنگلہ دیش جیسی اتھل پتھل ہندوستان میں بھی ممکن ہے۔
سلمان خورشید کے متنازعہ ریمارکس پر مزید تنقید کرتے ہوئے شہزاد پونا والا نے کہا کہ یہ وہی قائد ہیں جنہوں نے ہندوتوا کا تقابل اسلامک اسٹیٹ اور دیگر عسکریت پسند تنظیموں سے کیاتھا۔
کانگریس قائدین نے بیرونی سرزمین پر بارہا ہندوستانی اداروں کا مذاق اڑایا اور بیرونی مداخلت بھی چاہی۔ بی جے پی قائد نے سوال کیاکہ کانگریس قائد بنگلہ دیش سے تقابل کرکے کسے اشارہ دے رہے ہیں۔ کیا وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان میں بھی ہندوؤں پر حملے ہوں۔