بی جے پی ہمارے ارکان اسمبلی کو 100کروڑ کی پیشکش کررہی ہے: سدارامیا
چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے جمعہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘ ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے کانگریس ارکانِ اسمبلی کو 100 کروڑ روپے کی پیشکش کررہی ہے۔

ہبالی: چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے جمعہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘ ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے کانگریس ارکانِ اسمبلی کو 100 کروڑ روپے کی پیشکش کررہی ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ رکن اسمبلی روی کمار گوڑا نے مجھے جانکاری دی ہے کہ بی جے پی ہمارے ارکان ِ اسمبلی کو 100 کروڑ کی آفر دے رہی ہے۔ بی جے پی آپریشن لوٹس کے ذریعہ ہی کرناٹک میں برسراقتدار آئی تھی۔
وہ جنتا کے آشیرواد سے کبھی بھی اقتدار میں نہیں آئی۔ 2008 اور 2019 میں وہ آپریشن لوٹس اور بیاک ڈور انٹری کے ذریعہ پاور میں آئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اِس بار بھی ایسی ہی کوششیں کررہی ہے تاکہ حکومت ِ کرناٹک اس کے ہاتھ آجائے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ یاد رہے کانگریس کے پاس 136 ارکان ِ اسمبلی ہیں۔ ہماری حکومت گرانا آسان نہیں۔ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے لئے 60 کے آس پاس ارکان ِ اسمبلی کو مستعفی ہونا پڑے گا۔ میں پراعتماد ہوں کہ ہمارا کوئی بھی رکن ِ اسمبلی پیسہ کی لالچ میں نہیں آئے گا۔
اداکار درشن سے جیل میں لکژری برتاؤ پر سدارامیا نے کہا کہ 9 اسٹافرس کو معطل کردیا گیا اور درشن کو بیلاری جیل منتقل کردیا گیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو نوٹس بھی جاری کی گئی۔
اسی دوران چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت مہادئی پراجکٹ پر کام شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اگر ماحولیاتی منظوری دے دیں تو ہم فوری کام شروع کردیں گے۔