قومی

بی جے پی گینگ کی طرح کام کررہی ہے: اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے پیر کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی سیاسی جماعت کی طرح نہیں بلکہ گینگ کی طرح کام کررہی ہے۔ انہوں نے کانپور میں وکیل اکھلیش دوبے کے خلاف الزامات کی اچھی طرح تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

لکھنؤ (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے پیر کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی سیاسی جماعت کی طرح نہیں بلکہ گینگ کی طرح کام کررہی ہے۔ انہوں نے کانپور میں وکیل اکھلیش دوبے کے خلاف الزامات کی اچھی طرح تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

دوبے پر جبری وصولی ریاکٹ چلانے کا الزام ہے۔ ایس آئی ٹی تحقیقات میں کہا جاتا ہے کہ کئی پولیس اور کانپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی عہدیداروں کا نام آیا ہے۔ کئی ایف آئی آر درج ہوئی ہیں اور کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

سابق چیف منسٹر اترپردیش نے کہا کہ کانپور میں قتل، بلیک میلنگ، فیک انکاؤنٹرس، اراضی اور رقمی معاملتوں کے ایسے سنگین کیسس سامنے آئے ہیں کہ اگر ان کی اچھی طرح تحقیقات کرائی جائیں تو ساری حکومت بے نقاب ہوجائے گی۔

اکھلیش یادو نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آئی پی ایس عہدیدار تک اس میں ملوث ہیں۔ چیف منسٹر کے بنگلہ اور دفتر سے سیٹلمنٹ ہورہا ہے۔ یہ نیا رجحان ہے اور ریاست کو چلانے کا نیا طریقہ ہے۔