حیدرآباد

نتن یاہو شطیان، وزیر اعظم مودی فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کریں: اویسی

اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہم وزیر اعظم سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مودی جی! غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو رکوائیں۔ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کریں۔

حیدرآباد: اسرائیل۔ حماس میں جاری جنگ کے درمیان کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ فلسطینی عوام سے اظہار یگانگت کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں یہ ایک انسانیت کا مسئلہ ہے اور یہ تمام انصاف چاہنے والوں کا مسئلہ ہے۔

متعلقہ خبریں
اسدالدین اویسی کا کووڈ وبا کے تباہ کن اثرات کی طرف اشارہ
خواتین کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم لب کشائی پر مجبور :اسد اویسی
دونوں جماعتوں نے حیدرآباد کو لیز پر مجلس کے حوالے کردیا۔ وزیر اعظم کا الزام (ویڈیو)
وزیر اعظم کی تقریر پر سیتا اکا کا شدید ردعمل
مودی کو کجریوال کو جیل میں ڈالنے پر معافی مانگنی چاہئے:عام آدمی پارٹی

 شہر حیدرآباد میں ہفتہ کی شب ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”ظالم“ اسرائیلی حکومت نے گذشتہ 6 دنوں میں غزہ پر6ہزار بم برسائے ہیں جس کے نتیجہ میں 1500 سے زائد فلسطینی جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے، وہ نسل کشی(تطہیر)ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت اور ملک کو اسرائیل کے جنگی جرائم کی مذمت کرنی چاہئے۔اویسی نے کہا کہ ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اوران مظلوموں کے ساتھ رہیں گے۔

 انہوں نے غزہ کے غریب عوام، جہاں مکمل آبادی21لاکھ ہے میں سے10لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ”ظالم“ اسرائیلی حکومت، غزہ سے تمام افراد کو نکالنا چاہتی ہے اور دنیا جو ان حقوق کی وکالت کرتی ہے، اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی پر آج خاموش ہے۔

 اویسی نے کہا کہ 70 برسوں سے اسرائیل غاضب ہے۔ فلسطین پر اُس نے قبضہ کررکھا ہے۔ آپ کو قبضہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔آپ، ظلم نہیں دیکھ رہے ہیں؟۔ ہم جہاں کہیں تشدد ہو، اس کی مذمت کرتے ہیں۔ فلسطین عوام کی نسل کشی ہے۔ غزہ کے عوام پر ظلم وزیادتی کی جارہی ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور یورپ آج خاموش تماشائی ہے۔

 اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہم وزیر اعظم سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مودی جی! غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو رکوائیں۔ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کریں۔ غزہ کے 21لاکھ کے منجملہ10لاکھ عوام بے گھر ہوچکے ہیں۔ نتن یا ہو(اسرایلی وزیر اعظم) شیطان ہیں۔

 وہ ایک جنگی مجرم ہیں جس نے مکانات کو تباہ کردیا اور6ہزار بم برسائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ گاندھی جی نے کیا کہا تھا۔ گاندھی جی نے کہا تھا کہ فلسطینی عرب سے تعلق رکھتے ہیں، فلسطین، عرب کی سرزمین کا حصہ ہے۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ آج ہندوستانی حکومت خاموش ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان سوپر پاور بن جائے اور اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں ووٹ کا حق بھی مل جائے تب بھی ہندوستان کو اور ہماری حکومت کو اسرائیل کے جنگی جرائم کی مذمت کرنی چاہئے، حکومت کو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کرنا چاہئے۔