جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت تشکیل دے گی: شیوراج سنگھ چوہان
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کو یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات کے بعد جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ہریانہ میں حکومت تشکیل دے گی۔

بھوپال(پی ٹی آئی) مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کو یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات کے بعد جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ہریانہ میں حکومت تشکیل دے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ جھارکھنڈ میں انتخابات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم مذکورہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پریورتن یاترا کے لئے اچھا ردِعمل حاصل ہورہا ہے۔ مجھے مکمل طورپر اعتماد ہے کہ بی جے پی وہاں حکومتیں تشکیل دے گی۔ مرکزی وزیر زراعت نے بھوپال سے جھارکھنڈ کے لئے روانگی سے قبل یہ بات بتائی۔
جموں و کشمیر میں 90رکنی اسمبلی کے لئے 3مرحلوں کے انتخابات میں 18،25ستمبر اوریکم اکتوبر کو پولنگ منعقد کی گئی جبکہ ہریانہ میں اسمبلی انتخابات 5اکتوبر کو منعقد کئے جائیں گے۔ ان دونوں ریاستوں کے انتخابات کے نتائج کا 8اکتوبر کو اعلان کیا جائے گا۔
مدھیہ پردیش میں بڈنی حلقہ کے لئے اسمبلی کے ضمنی انتخاب جس کے جلد انعقاد کا امکان ہے، کے بارے میں سوال پر چوہان نے کہا کہ بی جے پی کامیاب بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے زراعت سے متعلق مرکزی کابینہ کے فیصلہ کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 120 دن کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں کسانوں کے مفاد میں کئی فیصلے کئے ہیں۔
چوہان نے کہا کہ کسانوں کے لئے اچھی قیمتوں کے سلسلہ میں کئے گئے ایک فیصلہ سے ہماری تیل کے بیچ کی پیداوار پر اچھا اثر پڑا۔ حکومت نے جمعرات کو گھریلو پیداوار میں اضافہ اور ہندوستان کو خوردنی تیل میں خودمکتفی بنانے کے لئے 10ہزار 103کروڑ روپے کے ساتھ خوردنی تیل اور تیل کے بیجوں پر قومی مشن کو منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی سالانہ خوردنی تیل کی ضروریات کا 50فیصد سے زائد حصہ درآمد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی مہاراشٹرا میں ہفتہ کو واشم سے کسانوں کے کھاتوں میں پی ایم کسان سماندھی یوجنا کی 18ویں قسط منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل 20ہزار سے زائد روپے ملک بھر میں 9.4کروڑ استفادہ کنندگان کو منتقل کئے جائیں گے۔