کانگریس ایم ایل اے پر تبصرہ کرنے پر گرفتار ہونے کے بعد بی جے پی کارکن نے خودکشی کرلی
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک کارکن نے کانگریس ایم ایل اے اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے قانونی مشیر اے ایس پونا کے بارے میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے سلسلے میں گرفتار کئے جانے کے کچھ دنون بعد جمعہ کو یہان مبینہ طورپر خودکشی کرلی۔

بنگلورو: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک کارکن نے کانگریس ایم ایل اے اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے قانونی مشیر اے ایس پونا کے بارے میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے سلسلے میں گرفتار کئے جانے کے کچھ دنون بعد جمعہ کو یہان مبینہ طورپر خودکشی کرلی۔
متوفی کی شناخت کوڈاگو ضلع کے رہنے والے ونے سومیا کے طور پر کی گئی ہے، جس نے ہنور پولیس اسٹیشن کے تحت ایچ بی آر لے آؤٹ میں واقع بی جے پی کے دفتر میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
سومیا کو دو ماہ قبل کانگریس کارکن تینرا مینا کی جانب سے ونے کے ذریعہ واٹس ایپ گروپ میں شیئر کیے گئے تبصروں پر درج شکایت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس کا وہ ایڈمن تھا۔ مادیکیری پولیس نے ونے سمیت تین افراد کے خلاف تعزیرات ہند اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ بعد میں اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور ہائی کورٹ نے مبینہ طور پر تفتیش پر روک لگا دی تھی۔
اپنے آخری نوٹ میں، سومیا نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف مقدمہ سیاست پر مبنی تھا اور انہیں بغیر کسی قصور کے ذلت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لواحقین نے بتایا کہ اس واقعے نے اس کی ذہنی صحت اور وقار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس کا کنبہ اس کے والدین، بیوی اور ایک بچے پر مشتمل ہے۔ وہ اپنے سیاسی کام کے علاوہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں آپریشن منیجر کے طور پر بھی کام کر تا تھا۔
اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور آنے والے دنوں میں وزیر اعلیٰ کے قانونی مشیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔