کرناٹک

مجھ پر اور چیف منسٹر پر کالا جادو کرایا جارہا ہے کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار کا دعوی

کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین کیرالا کے ایک مندر میں ”اگھوریوں“ اور ”تانترکوں“ کے ذریعہ ان پر اور چیف منسٹر سدارامیا پر کالا جادو کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

بنگلورو: کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین کیرالا کے ایک مندر میں ”اگھوریوں“ اور ”تانترکوں“ کے ذریعہ ان پر اور چیف منسٹر سدارامیا پر کالا جادو کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ ان کی حکومت کے خلاف ایک کوشش ہے۔

شیو کمار نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ان کے پاس یہ ٹھوس معلومات ہیں کہ اگھوریوں کی جانب سے کیرالا میں راجا راجیشوری مندر کے قریب ایک سنسان مقام پر اگھوریوں کے ذریعہ خصوصی پوجا (یگنہ) کرائی جارہی ہے۔

یہ رسم جاری ہے اور میرے اور چیف منسٹر کے خلاف پوجا کرائی جارہی ہے تاکہ کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ اس یگنہ کااصل مقصد دشمنوں کا خاتمہ کرناہوتاہے۔ اس رسم کو راجا کنٹکا اور مرانا موہنا استمبھنا یگیہ کہاجاتاہے۔ اس رسم میں حصہ لینے والوں نے ہمیں اس کے بارے میں بتایا ہے۔