یوروپ

برطانیہ نے روس اور ایران سے ہیکرز کے خطرے سے خبردار کیا

برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (این سی ایس سی) نے جمعرات کو روس اور ایران کے ہیکروں سے مسلسل خطرے کے لئے خبردار کیا ہے۔

لندن: برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (این سی ایس سی) نے جمعرات کو روس اور ایران کے ہیکروں سے مسلسل خطرے کے لئے خبردار کیا ہے۔ یہ ہیکرز معلومات اکٹھا کرنے کے مقصد سے برطانیہ اور دیگر ممالک میں افراد اور تنظیموں کے خلاف سائبر حملے کرتے ہیں۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ نے آج روس اور ایران میں قائم سائبر ہیکرز کی جانب سے تنظیموں اور افراد کے خلاف ٹارگٹ اسپئر فشنگ مہم کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

این سی ایس سی کے مطابق، روس میں مقیم سیبورجیم اور ایران میں مقیم ٹی اے453 گروپوں نے معلومات حاصل کرنے کے لیے 2022 کے دوران برطانیہ اور دیگر ممالک میں متعدد تنظیموں اور افراد کے خلاف الگ الگ مہم چلائی۔

بیان کے مطابق، حملوں کا ہدف عام لوگ نہیں بلکہ تعلیم اور دفاع کے شعبے، سرکاری ادارے، این جی اوز کے ساتھ ساتھ سیاست دان، صحافی اور کارکن تھے۔

برطانیہ کے رائل میل نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ سائبر حملے کے نتیجے میں اس کی بین الاقوامی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ دی ٹیلی گراف اخبار کے مطابق اس حملے کے پیچھے روس میں قائم لاک بٹ ہیکر گروپ کا ہاتھ ہے۔

روسی حکومت نے متعدد بار سائبر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔