تلنگانہ

خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے بی آر ایس کا مطالبہ

لوک سبھا میں بی آرایس قائد وکھمم کے ایم پی ناماناگیشورراؤ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ چہارشنبہ کے روز پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں سنگین کوتاہی کے مسئلہ پرجامع حقائق پرمبنی بیان جاری کریں۔

حیدرآباد: لوک سبھا میں بی آرایس قائد وکھمم کے ایم پی ناماناگیشورراؤ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ چہارشنبہ کے روز پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں سنگین کوتاہی کے مسئلہ پرجامع حقائق پرمبنی بیان جاری کریں۔

نئی دہلی میں کل جماعتی قائدین کے اجلاس میں شرکت کے بعد ناما ناگیشورراؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیکوریٹی کی سنگین خلاف ورزی‘پریس گیلیری سے ایوان میں چھلانگ لگانے کے واقعہ میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کریں۔

یہ اجلاس اسپیکرلوک سبھا اوم برلا کی زیر صدارت منعقدہوا۔

آئی اے این ایس کے مطابق بی آرایس کے رکن اسمبلی وسابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں خلاف ورزی اور ایوان میں ہنگامہ آرائی واقعہ پر شدید تشویش کااظہار کیا۔

انہوں نے اسپیکراوم برلاسے خواہش کی کہ وہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔