تلنگانہ

تلنگانہ بھر میں بی آر ایس کا احتجاج، کئی مقامات پر دھرنے، مخالف حکومت نعرے

تلنگانہ کی کانگریس حکومت سے کسانوں کو دھان کی مختلف اقسام پر حسب وعدہ فی کنٹل500 روپے بونس دینے کے مطالبہ پر بی آر ایس نے جمعرات کے روز ریاست تلنگانہ بھر کے اسمبلی حلقوں میں احتجاجی مظاہرے منظم کئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی کانگریس حکومت سے کسانوں کو دھان کی مختلف اقسام پر حسب وعدہ فی کنٹل500 روپے بونس دینے کے مطالبہ پر بی آر ایس نے جمعرات کے روز ریاست تلنگانہ بھر کے اسمبلی حلقوں میں احتجاجی مظاہرے منظم کئے۔

متعلقہ خبریں
نظام آباد اور کاماریڈی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات
محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن کو ایک دن میں 115 کروڑ کی آمدنی
چیف منسٹر کو گھیرتے ہوئے کے ٹی آر خود مشکل میں پڑ گئے
تلنگانہ کو مزید قرض حاصل کرنے کا موقع
کرشنا ٹریبونل میں حکومت اے پی کے خلاف شکایت درج

اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے کسانوں کو فی کنٹل دھان پر 500 روپے بونس دینے کاوعدہ کیا مگر اب وہ اپنے اس وعدہ سے مکرگئی ہے۔ بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی اپیل پر یہ احتجاج منظم کیا گیا۔

مختلف مقامات پر پارٹی کارکنوں نے سڑکوں پر بیٹھ گئے اور حکومت کے مخالف کسان فیصلوں پر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ احتجاجیوں نے حکومت سے کسانوں سے اقل ترین امدادی قیمت پر دھان خریدنے، موٹے چاول پر بھی کسانوں کو فی کنٹل500 روپے بونس دینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ وعدوں کے ذریعہ کانگریس اقتدار میں آئی مگراقتدار میں آنے کے بعد کانگریس اب اپنے ان وعدوں سے مکررہی ہے۔فی کنٹل دھان پر 500 روپے بونس دینے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وعدہ کیا تھا۔ مگر اب وہ، اس وعدہ کو پس پشت ڈال کر کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

سابق چیف منسٹر وبی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راو نے پارٹی کارکنوں کو ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریڈی نے دھان کے تمام کسانوں کو فی کنٹل 500 روپے بونس دینے کا وعدہ کیا تھا مگر چیف منسٹر اب صرف باریک دھان پر ہی بونس دینے کی بات کررہے ہیں۔

لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس حکومت، تمام دھان پر بونس دینے کے وعدہ سے پیچھے ہٹتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ اب چونکہ ریاست میں لوک سبھا الیکشن ختم ہوچکے ہیں کانگریس، دوبارہ دھوکہ دینے والی پالیسی پر واپس آگئی ہے۔

کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت سے کسان خوش نہیں ہیں۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دھان خریداری کے عمل میں تیزی لائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس، کسانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔