چیف منسٹر ریونت ریڈی نے باکسر نکہت زرین کو 2 کروڑ روپے کا چیک حوالے کیا
نکہت زرین نے اس سال مارچ میں نئی دہلی میں منعقدہ خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں 50 کلوگرام کے زمرہ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ عالمی چیمپئن شپ مقابلوں میں یہ ان کا دوسرا طلائی تمغہ ہے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی باکسر نکہت زرین کو 2 کروڑ روپے کی مالی امداد پر مشتمل چیک حوالے کیا ہے۔ نکہت زرین دو بار کی باکسنگ عالمی چیمپئن رہ چکی ہیں۔
کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے پر 6 ضمانتوں کے ایک حصہ کے طور پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اسمبلی کے احاطہ میں 2 اسکیموں کا آغاز کیا۔ چیوتھا اور مہالکشمی اسکیمیں شروع کی گئیں۔ اس موقع پر باکسر زرین کو یہ مالی امداد فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ نکہت زرین نے اس سال مارچ میں نئی دہلی میں منعقدہ خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں 50 کلوگرام کے زمرہ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ عالمی چیمپئن شپ مقابلوں میں یہ ان کا دوسرا طلائی تمغہ ہے۔
واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ نے گزشتہ سال ترکی میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والی نکہت کو 2 کروڑ روپے نقد انعام کے ساتھ حیدرآباد میں زمین الاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نکہت زرین جس کا تعلق ضلع نظام آباد سے ہے، عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی پانچویں ہندوستانی خاتون باکسر ہیں۔
تلنگانہ کے نئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آئندہ سال پیرس اولمپکس میں کی تیاریوں کے لئے نکہت زرین کو 2 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ بی آر ایس حکومت نے اس کا اعلان کیا تھا مگر رقمی امداد ہنوز جاری نہیں کی گئی تھی تاہم ریونت ریڈی نے اقتدار میں آتے ہیں نکہت کو مالی امداد جاری کردی ہے تاکہ وہ پیرس اولمپکس میں بھی شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ملک بالخصوص ریاست تلنگانہ کا نام ساری دنیا میں روشن کرسکے۔