حیدرآباد: تلنگانہ کے نائب وزیراعلی اور ریاستی وزیر فائنانس ملوبھٹی وکرامارکا نے بجٹ 2024-25اسمبلی میں پیش کیا۔ مالی سال 2024-25 کے لئے 2 لاکھ 91 ہزار 159 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔ اس میں ریونیو مصارف2,20,945 کروڑ روپے ہیں، جب کہ سرمایہ مصارف 33,487 کروڑ روپے تجویز کئے گئے ہیں۔
فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے بھاری فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے لیے 3,385 کروڑ روپے، حیدرا ادارہ کے لیے 200 کروڑ روپے، جی ایچ ایم سی میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے 3,065 کروڑ روپے، حمڈامیں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے 500 کروڑ روپے، زراعت کے لیے 72,659 کروڑ روپے، 737 روپے باغبانی کے لیے کروڑ روپے، افزائش مویشیاں کے لیے 1,980 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
500 روپے کی گیس سلنڈر اسکیم کے لیے 723 کروڑ روپے اور گرہاجیوتی اسکیم کے لیے 2,418 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت الاٹمنٹ حسب ذیل ہیں۔
ایرپورٹ تک میٹرو کی توسیع کیلئے 100 کروڑ روپے،حیدرآباد شہر کی ترقی کے لیے 10 ہزار کروڑ روپے،موسی ریور فرنٹ پروجیکٹ کیلئے 1500 کروڑ روپے،آر آر آر پروجیکٹ کیلئے 1525 کروڑ روپے،پرانی بستی میٹرو کی توسیع کے لیے 500 کروڑ روپے،ملٹی ماڈل مضافاتی ریل ٹرانسپورٹ سسٹم کیلئے 50 کروڑ روپے،بیرونی رنگ روڈ کے لیے 200 کروڑ روپے الاٹ کئے گئے ہیں۔
تلنگانہ میں اقتدار پر آنے کے بعد کانگریس حکومت نے پہلی مرتبہ بجٹ پیش کیاہے۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں نائب وزیراعلی و وزیرفائنان ملو بھٹی وکرامارکا نے 2,91,159 کروڑروپئے کا بجٹ پیش کیا۔
حکومت نے ریاست کی اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لئے بجٹ میں 3003 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔اپنی بجٹ تقریر میں ملوبھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ریاست کے اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں حکومت پابند عہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے بچوں کو سیول سروس امتحان میں تیاری کے لئے کوچنگ دی جارہی ہے اور انھیں اسٹائی فنڈبھی ادا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2024 میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کے انعقاد کے لئے 2 کروڑ 40،لاکھ روپے جاری کئے گئے۔
اس سال عازمین حج کے انتظامات بشمول حج کمیپ کے انعقاد کے لئے اس مہینے میں 4 کروڑ 43 لاکھ منظور کئے گئے۔قبل ازیں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بجٹ کو منظوری دی گئی اسمبلی کا بجٹ سیشن دو اگست تک جاری رہے گا اس مہینے کی 26 تاریخ کو اسمبلی کو تعطل رہے گی اور 27 تاریخ کو بجٹ پر مباحث کا آغاز ہوگا۔