تلنگانہ

بنڈی سنجے گرفتار، وجئے واڑہ ہائی وے پر زبردست ڈرامہ

یہ الزام لگاتے ہوئے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے غیر مقامی قائدین منگل کو انتخابی مہم ختم ہونے کے باوجود وہاں کیمپ کئے ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ آج صبح نلگنڈہ ضلع میں حلقہ کی طرف جانے کی کوشش کی۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو پولیس نے جمعرات کی صبح حیدرآباد کے مضافات میں اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ منوگوڈو اسمبلی حلقہ کی طرف جارہے تھے۔ وہاں آج ضمنی انتخاب کی رائے دہی ہورہی ہے۔  

یہ الزام لگاتے ہوئے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے غیر مقامی قائدین منگل کو انتخابی مہم ختم ہونے کے باوجود وہاں کیمپ کئے ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ آج صبح نلگنڈہ ضلع میں حلقہ کی طرف جانے کی کوشش کی۔

قبل ازیں بنڈی سنجے اور دیگر بی جے پی قائدین کے حیدرآباد میں پارٹی دفتر سے نکلنے کے بعد زبردست ڈرامہ ہوا۔ ملک پیٹ اور ونستھلی پورم میں پولیس کی طرف سے انہیں روکنے کی کوششوں کے باوجود وہ آگے بڑھنے میں کامیاب ہوگئے۔

آخر کار پولیس نے ان کی گاڑیوں کے قافلے کو حیدرآباد وجئے واڑہ ہائی وے پر عبداللہ پورمیٹ میں روک لیا۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈروں اور پولیس عہدیداروں کے درمیان جھگڑا ہوا۔

بی جے پی قائدین نے گرفتاری کے خلاف شدید مزاحمت کی تو کشیدگی پھیل گئی۔ حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے بنڈی سنجے اور دیگر سڑک پر بیٹھ گئے۔ آخر کار پولیس نے بنڈی سنجے کو گرفتار کر کے عبداللہ پورمیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے الزام لگایا کہ انتخابی حکام اور پولیس ٹی آر ایس قائدین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں جو پولنگ کے دن بھی منگوڈو میں قیام کئے ہوئے ہیں۔

بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے بھی چہارشنبہ کی رات دیر گئے منوگوڑو میں احتجاج کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ٹی آر ایس کے تمام غیر مقامی قائدین کو باہر بھیج دیا جائے۔

انہوں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ انتخابی عہدیدار ٹی آر ایس قائدین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں جو ووٹروں کو ڈرا رہے ہیں۔

بعد میں بی جے پی امیدوار نے چندور پولیس اسٹیشن پر احتجاج کیا۔ پولیس کی جانب سے ان کی شکایت پر غور کرنے کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے احتجاج ختم کردیا تھا۔