ٹی۔20ورلڈ کپ لیگ میچ میں ہندوستان کی پاکستان کے خلاف جیت پر حیدرآباد میں جشن
پُرجوش نوجوانوں نے نعرے بازی بھی کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کوایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا۔جیسے جیسے وکٹوں کے گرنے کے ساتھ پڑوسی ملک کی ٹیم لڑکھڑاتی گئی نوجوانوں کا جوش وخروش دیکھنے لائق تھا۔
حیدرآباد: ٹی۔ 20ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہندوستان کی شاندارجیت پر حیدرآبادمیں جشن منایاگیا۔کل رات اس کامیابی کے ساتھ ہی نوجوانوں کے گروپس بڑی تعداد میں شہر کے مختلف مقامات اورچوراہوں پرجمع ہوئے جنہوں نے آتشبازی کی، مٹھائیاں تقسیم کی اورایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔
پُرجوش نوجوانوں نے نعرے بازی بھی کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کوایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا۔جیسے جیسے وکٹوں کے گرنے کے ساتھ پڑوسی ملک کی ٹیم لڑکھڑاتی گئی نوجوانوں کا جوش وخروش دیکھنے لائق تھا۔
ٹیم کی کامیابی کے ساتھ ہی نوجوانوں کے ولولہ میں مزید اضافہ ہوگیا جو ترنگے کو ہاتھ میں لے کر شہر کے مختلف مقامات پر نکل پڑے۔شہر کے معروف مراکز پر کرکٹ شائقین کا تانتا بندھ گیا۔
جیسے ہی میچ کا آخری لمحہ آیا اور ہندوستان نے فتح حاصل کی،پورا شہر انڈیا زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ نوجوانوں نے موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ترنگا لہراتے ہوئے ریلی نکالی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
بزرگوں اور بچوں نے بھی اس جشن میں برابر کا حصہ لیا۔شائقین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جیت ہمیشہ ہی خاص ہوتی ہے اور اس ٹیم نے آج ثابت کر دیا کہ وہ عالمی سطح پر بہترین ہے۔
جشن کا یہ سلسلہ دیر گئے رات تک جاری رہا۔ سوشل میڈیا پر بھی حیدرآبادیوں کی جانب سے جیت کی ویڈیوس اور تصاویر وائرل ہو گئیں، جس میں لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر مٹھائیاں کھلا رہے تھے۔ شہر کا ماحول پوری طرح سے کرکٹ کے رنگ میں رنگا ہوا نظر آیا اور ہر طرف صرف جیت کی گونج سنائی دے رہی تھی۔