تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں چیک ڈیم منہدم ہوگیا
ڈیم کی وجہ سے اب تک مانیرو واگو میں پانی کا وافر ذخیرہ برقرار تھا، جس سے آس پاس کے علاقوں میں نہ تو پینے کے پانی کی کمی تھی اور نہ ہی آبپاشی میں کوئی مسئلہ۔ مگر جمعہ کی رات ڈیم منہدم ہوجانے کے بعد اس میں جمع پانی سارا نیچے کی طرف بہہ گیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے تنوگولا۔پداپلی مانیرو واگو پر تعمیر چیک ڈیم منہدم ہوگیا۔ مانیرو کے آبگیر علاقہ میں پینے کے پانی کی قلت اور آبپاشی میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے 2023 میں 23.52 کروڑ روپے کی لاگت سے اس چیک ڈیم کی تعمیر کی گئی تھی۔
ڈیم کی وجہ سے اب تک مانیرو واگو میں پانی کا وافر ذخیرہ برقرار تھا، جس سے آس پاس کے علاقوں میں نہ تو پینے کے پانی کی کمی تھی اور نہ ہی آبپاشی میں کوئی مسئلہ۔ مگر جمعہ کی رات ڈیم منہدم ہوجانے کے بعد اس میں جمع پانی سارا نیچے کی طرف بہہ گیا۔
اطلاع ملتے ہی آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں اور مقامی عوامی نمائندوں نے مقام حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ مقامی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا۔
اس واقعہ کے باعث گمپولا اور جمی کنٹہ منڈل کے تنوگولا گاؤں کے عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اگر اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے تو اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ مقامی افراد کا شبہ ہے کہ یہ معیار کی خراب تعمیر کا نتیجہ ہوسکتا ہے یا پھر ریت مافیا یا بعض نامعلوم افراد نے ڈائنامائٹ سے دھماکہ سے اسے اڑایا ہوگا۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ مکمل جانچ کر کے ذمہ دار ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یواین آئی وخ