حیدرآباد

ریزرویشن مسئلہ پر بھگوا جماعت کو گھیرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پالیسی کامیاب

مسلم تحفظات ختم کرنے کے بارے میں بی جے پی قائدین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ ایس سی اور ایس ٹی کے تحفظات کو بھی ختم کردے گی۔

حیدرآباد: سیاست میں منطق اور وقت دو اہم عنصر ہوتے ہیں، چاہے حقائق کچھ بھی ہوں اگر کوئی انتخابات کے دوران حریفوں کو گھیرنے میں مہارت کا مظاہرہ کرتا ہے تو وہ بڑا سیاستداں سمجھا جاتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریزرویشن کے مسئلہ پر بی جے پی کو گھیرنے کے لئے اسی نظریہ کا استعمال کررہے ہیں اور اب کانگریس ہائی کمان کی نظروں میں ریونت ریڈی ہیرو بن گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
زمین کے مسائل کا حل اب ایک کلک پر: بھو بھارتی پورٹل کی رونمائی جلد
ٹی پی سی سی کے نئے صدر کا انتخاب ہائی کمان کرے گی
ویڈیو: تلنگانہ بھون میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصام
بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
آرام گھر فلائی اوور کا چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح

انہوں  نے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران بی جے پی پر زبردست حملہ کرنے کے لیے کانگریس کی سربراہی میں انڈیا  اتحاد کو ایک طاقتور ہتھیار بھی دیا ہے۔ بی جے پی نے تلنگانہ میں اپنی انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو وہ مسلمانوں کو دیے گئے چار فیصد تحفظات کو ختم کر دے گی۔

ریونت ریڈی نے اس اعلان کو  بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی طرف سے 2021 کی مردم شماری نہ کروانے سے جوڑ دیا  جو گزشتہ  10 سالوں سے مرکز میں بار سر اقتدار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی کے پاس تحفظات کو ختم کرنے کیلئے خفیہ ایجنڈہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اگر ذات کی بنیاد پر  مردم شماری کرائی جاتی ہے تو مرکز کو ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کو 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن فراہم کرنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ تحفظات کو ختم کرنے کی کسی بھی کوشش کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی اور اس کے لیے بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں 400 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ”مخفی“ایجنڈ لوک سبھا میں 400 سیٹیں جیتنے کے بعد آئین میں ترمیم کرکے تمام تحفظات کو ختم کرنا ہے اور اس کی وجہ سے بی جے پی حکومت مردم شماری نہیں کرا رہی ہے۔

مسلم تحفظات ختم کرنے کے بارے میں بی جے پی قائدین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر  نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ ایس سی اور ایس ٹی کے تحفظات کو بھی ختم کردے گی۔

 کانگریس ہائی کمان کو کوٹہ کے معاملے پر بی جے پی کو گھیرنے میں ریونت ریڈی کی منطق اور وقت بہت پسند آیا۔ کانگریس ہائی کمان نے مبینہ طور پر اپنے قائدین سے کہا کہ وہ تحفظات کوٹہ کے معاملے پر بی جے پی کو گھیرنے کے لیے دیگر ریاستوں میں اس مسئلے پر جارحانہ مہم چلائیں۔

ریونت ریڈی اب کانگریس ہائی کمان کی نظروں میں ہیرو بن چکے ہیں اور اے آئی سی سی قائدین نے مبینہ طور پر اس مسئلہ پر ان کی تعریف کی ہے۔ ان حالات میں اگر کانگریس تلنگانہ میں پارلیمنٹ انتخابات کی اکثریتی نشستیں جیت لیتی ہے تو پارٹی ہائی کمان کی نظر میں بھی ریونت ریڈی ایک مضبوط قائدکے طور پر ابھریں گے۔