ایشیاء

چین، پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں

حکام وزارت تجارت نے کہا چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے، رکن کمیٹی دنیش کمار نے کہا کہ چین کہتا ہے پاکستان گدھے اور کتے برآمد کرے۔

اسلام آباد: پاکستان کی وزارت تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ چین، پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان کے لیے چین گوشت برآمد کرنے کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت آج پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت تجارت کے حکام نے ملکی برآمدات اور درآمدات پر بریفنگ دی۔ حکام وزارت تجارت نے کہا چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے، رکن کمیٹی دنیش کمار نے کہا کہ چین کہتا ہے پاکستان گدھے اور کتے برآمد کرے، سینیٹر عبدالقادر نے کہا چینی سفیر کئی بار گوشت برآمد کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

خصوصی اجلاس میں افغانستان سے جانور درآمد کرنے اور بلوچستان سے مچھلی کی اسمگلنگ پر بھی بات ہوئی، رکن کمیٹی مرزا آفریدی نے افغانستان سے جانور امپورٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں جانور سستے ہیں اور خریدار نہیں ہیں، پاکستان افغانستان سے جانور امپورٹ کر کے گوشت برآمد کر سکتا ہے۔ تاہم وزارت تجارت کے حکام نے کہا کہ لمپی اسکن کے باعث افغانستان سے جانور درآمد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اجلاس میں کمیٹی ارکان نے کہا کہ بلوچستان سے پاکستانی مچھلی اسمگل ہو رہی ہے، جس سے قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی ماہی گیر مچھلیاں پکڑ کر غیر ملکی ٹرالرز کو وہاں ہی فروخت کر دیتے ہیں۔