حیدرآباد

بی جے پی پر نفرت کو فروغ دینے کا الزام۔ پارٹی قائدین کیلئے ٹریننگ کیمپ

سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی، تعلیمی، اقتصادی، صنعتی، زرعی، سائنسی و صحت و عامہ کے شعبہ جات کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔

حیدرآباد: سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی، تعلیمی، اقتصادی، صنعتی، زرعی، سائنسی و صحت و عامہ کے شعبہ جات کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔

متعلقہ خبریں
ہر ووٹر کو حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کشن ریڈی کا مشورہ
الکٹورل بانڈس سے متعلق سپریم کورٹ کا تاریخ ساز فیصلہ: شجاعت علی صوفی
فلم رضا کار، بی جے پی قائدین میں اختلافات عیاں
بی جے پی کا اردو زبان میں پوسٹر کی اجرائی
بی جے پی میں دستور بدلنے کی ہمت نہیں: ر اہول گاندھی

ملک میں مضبوط ترین جمہوریت کی بنیاد کیلئے ڈاکٹر بابا صاحب امیڈکر کے ذریعہ ملک کو آئین دیا، اقتدار اور حکمرانی کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے اہم اقدامات کئے۔ ملک کی تعمیر نو بالخصوص اراضی اصلاحات بینکوں کو قومیانے، پنچایت راج اداروں کو اختیارات، انفارمیشن ٹکنالوجی کے فروغ کیلئے کانگریس نے ناقابل فراموش کارنامے انجام دئیے ہیں۔

ملک کے اتحاد وسالمیت، آپسی بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جانوں کوقربان کردیا۔ بھٹی وکرامارکہ آج گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر بوئن پلی میں کانگریس قائدین کے ایک روزہ ٹریننگ کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کے اس دیش میں بی جے پی مذہب کے نام پر شہریوں میں نفرت کے بیج بورہی ہے۔

راہول گاندھی نے نفرت کے اس ماحول کے خلاف شہریوں کو آپس میں جوڑ نے کیلئے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا اور وہ بی جے پی کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کرتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے بھارت جوڑو یاترا کے پیام کو گھر گھر پہنچانے اور کانگریس کے سیکولرنظریات کو پروان چڑھانے کیلئے26 جنوری سے شروع ہونے والی مجوزہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ابھیان کو کامیاب بنانا ہرایک کانگریسی کی ذمہ داری ہے۔

دھرانی پورٹل سے متعلق سی ایل پی قائد نے کہا کہ دھرانی پورٹل محکمہ ریونیو کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ دھرانی پورٹل کی وجہ سے لاکھوں کسان اور غریب طبقات اپنی اراضیات سے محروم ہورہے ہیں۔

ہم نے اس مسئلہ کو ریاستی اسمبلی میں زیر بحث لایا تھا اور حکومت سے دھرانی پورٹل کی مخالفت کرتے ہوئے اس کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا تاہم کے سی آر حکومت کو غریب کسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔

اس تقریب میں صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو، انجن کمار یادو، سابق وزیر محمد علی شبیر، شیخ عبداللہ سہیل چیرمین مائنا ریٹی ڈپارٹمنٹ طاہربن ہمدان نائب صدر، روہن ریڈی صدر خیریت آباد ڈسٹرکٹ، سمیر ولی اللہ صدر حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی، عثمان الہاجری، فیروز خان، سنیتا راؤ صدر مہیلا وبھاگ کے علاوہ شہر اور اضلاع کے قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔