سوشیل میڈیاشمالی بھارت
ٹرینڈنگ

گائے کے شیڈ کی صفائی سے کینسر کا علاج ممکن، بلڈپریشر کم ہوسکتا ہے۔ یوپی کے وزیر کے چونکے دینے والے دعوے

اترپردیش کے ایک وزیر نے چونکا دینے والے دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر کے مریض گائے کے باڑوں کی صفائی کرتے ہوئے اور وہاں لیٹ کر اپنے مرض کا علاج کرسکتے ہیں۔

لکھنؤ: (منصف نیوز ڈیسک) اترپردیش کے ایک وزیر نے چونکا دینے والے دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر کے مریض گائے کے باڑوں کی صفائی کرتے ہوئے اور وہاں لیٹ کر اپنے مرض کا علاج کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں
یوپی کے وزیر قصوروار قرار ایک سال کی جیل

گائیوں کو تھپتھپانے اور ان کی خدمت کرنے سے بلڈپریشر کی دواؤں کو 10 دن کے اندر آدھا کیا جاسکتا ہے۔ وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی شادی کی سالگرہ اور بچوں کی سالگرہ گائے کے باڑوں میں منائیں۔ یوگی کابینہ کے جونیئر وزیر سنجے سنگھ گنگھوار نے اپنے حلقہ پیلی بھیت میں اتوار کے روز پکاڑیا ناؤ گوان میں ایک گائے شلٹر کا افتتاح کرتے ہوئے عوام سے خطاب میں یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بلڈپریشر کا مریض ہوتو اسے چاہئے کہ ہر روز صبح اور شام گائے کی پیٹھ پر تھپتھپائے اور اُس کی خدمت کرے۔ اگر یہ شخص بلڈپریشر کے علاج کیلئے 20Mg کا ڈوز لے رہا ہو تو 10 دن کے اندر اس کا ڈوز گھٹ کر 10Mg ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک آزمودہ چیز ہے جو میں آپ کو بتا رہا ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کینسر کا مریض گائے کے شلٹر کو صاف کرنا شروع کرے اور وہاں لیٹا رہے تو کینسر کا علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ گائے کے گوبر کی اپلیاں جلائیں تو مچھروں سے راحت ملتی ہے لہٰذا گائے سے پیدا ہونے والی ہر چیز کسی نہ کسی طرح کارآمد ہے۔

بعدازاں انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنی شادی کی سالگرہ اور اپنے بچوں کی سالگرہ گائے شلٹر میں منائیں۔