کٹھوعہ میں بادل پھٹ پڑے، 7 افراد ہلاک۔ عمرعبداللہ کو امیت شاہ کا فون۔ ممکنہ مدد کا تیقن
جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بادل پھٹ پڑنے اور زمین کھسکنے کے دو علیحدہ واقعات میں کم از کم7 افراد ہلاک اور5 دیگر زخمی ہوگئے۔ ضلع میں کل رات موسلادھار بارش کے بعد راج باغ کا موضع جوڑ گھاٹی اور جنگلوٹ زد میں آئے۔
جموں (پی ٹی آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بادل پھٹ پڑنے اور زمین کھسکنے کے دو علیحدہ واقعات میں کم از کم7 افراد ہلاک اور5 دیگر زخمی ہوگئے۔ ضلع میں کل رات موسلادھار بارش کے بعد راج باغ کا موضع جوڑ گھاٹی اور جنگلوٹ زد میں آئے۔
ضلع ڈیولپمنٹ کمشنر راجیش شرما اور دیگر سینئر سیول و پولیس عہدیدار راحت و بچاؤ آپریشن کی نگرانی کیلئے فوری وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ 5 افراد کو جوڑ گھاٹی سے نکال کر دواخانہ پہنچایا گیا۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں سطح آب کافی بڑھ گئی۔
دریائے اجھ میں پانی کی سطح خطرہ کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے۔ چیف منسٹر عمرعبداللہ نے مہلوکین کے ورثاء کو چیف منسٹر فنڈ سے ایکس گریشیاء دینے کا اعلان کیا۔ مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 50ہزار روپے ملیں گے۔
چیف منسٹر نے جن مکانوں کو پوری طرح نقصان پہنچا ان کے لئے ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ آئی اے این ایس کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف منسٹر عمر عبداللہ سے فون پر بات چیت کی اور ضلع کٹھوا میں بچاؤ و راحت کاری میں بھرپور مدد دینے کا تیقن دیا۔
مملکتی وزیر پی ایم او جتندر سنگھ نے ایکس پر کہا کہ میں نے جنگلوٹ علاقہ میں بادل پھٹ پڑنے کی اطلاع ملنے کے بعد ایس ایس پی کٹھوا شوبھت سکسینہ سے فون پر بات چیت کی ہے۔ وہاں ریلوے ٹریک اور قومی شاہراہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔