تلنگانہ کے کئی مقامات پر سردی کی لہر میں بتدریج اضافہ
محکمہ موسمیات نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاست کے کئی مقامات پر درجہ حرارت 11ڈگری سلسیس درج کیاجائے گا۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں کئی مقامات پر سردی کی لہر میں بتدریج اضافہ درج کیاجارہا ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔نومبر کے پہلے ہی ہفتہ میں سردی کی لہر میں اچانک غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
اضلاع کریم نگر، جگتیال،نظام آباد، میڑچل ملکاجگری، نرمل کے ساتھ ساتھ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں سردی کی لہر اچانک بڑھ گئی ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اس خصوص میں الرٹ جاری کیا ہے اور عوام سے چوکسی اختیار کرنے کی خواہش کی ہے۔
اس ماہ ریاست کے کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت 19.3ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاست کے کئی مقامات پر درجہ حرارت 11ڈگری سلسیس درج کیاجائے گا۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے۔
عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکس رہیں۔ ملک کے شمالی حصوں سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے مہینہ میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکسی کی ضرورت ہے۔