تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، سرپورمیں درجہ حرارت 7.1 ڈگری سیلسیس درج
جمعرات کی صبح آصف آباد ضلع کے سرپورمیں اقل ترین درجہ حرارت 7.1 ڈگری سیلسیس جبکہ تریانی میں 8.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے ریاست شدید سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث درجہ حرارت کئی علاقوں میں ریکارڈ حد تک گر گیا ہے۔
جمعرات کی صبح آصف آباد ضلع کے سرپورمیں اقل ترین درجہ حرارت 7.1 ڈگری سیلسیس جبکہ تریانی میں 8.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
سردی کی یہ لہر نہ صرف جنگلاتی علاقوں بلکہ شہری علاقوں میں بھی شدت اختیار کر چکی ہے۔ حیدرآباد شہر میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ سیری لنگم پلی (ایچ سی یو) میں 11.8، راجندر نگر میں 12.9 اور ماریڈ پلی میں 13.6 ڈگری سلسلیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر کے مضافاتی علاقہ ابراہیم پٹنم میں صبح 6 بجے 11.5 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 4 سے 5 دنوں تک سرد ہواؤں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، کیونکہ شمالی سمت سے آنے والی خشک ہوائیں درجہ حرارت کو مزید کم کر سکتی ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔