کھیل

پاکستان سے شکست کے سبب ٹیم انڈیا کاکپتان تبدیل ہوا:رمیز راجہ

رمیز راجہ نےکہاکہ ہندوستان ایک بلین ڈالر کی معیشت ہے اور وہ پیچھے رہ گیا، سلیکٹرز کو نکال دیا، سلیکشن کمیٹی نے کپتان تبدیل کر دیے کیونکہ وہ پاکستان سے ہارنا ہضم نہیں کرسکے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ میں گزشتہ چند دنوں سے جاری ہلچل کے درمیان پی سی بی کے سابق سربراہ رمیز راجہ مسلسل مختلف بیانات دے رہے ہیں۔ ان کا تازہ ترین بیان ایسا ہے کہ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ساتھ یہاں کے شائقین بھی اسے پسند نہیں کریں گے۔

 درحقیقت پی سی بی چیرمین کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد رمیز راجہ نے ٹیم انڈیا کے بارے میں کہاہے کہ ٹیم انڈیا پاکستان کے خلاف شکست کو ہضم نہیں کرسکی اور اس کی وجہ سے انہیں کپتان اور چیف سلیکٹر کو تبدیل کرنا پڑا۔ رمیز راجہ نے کہاکہ ہم نے وائٹ بال کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، ایشیا کپ کا فائنل ہم نے کھیلا، ہندوستان نے نہیں کھیلا۔

ہندوستان ساڑھے تین ٹریلین ڈالر کی معیشت ہے اور وہ پیچھے رہ گیا، سلیکٹرز کو نکال دیا، سلیکشن کمیٹی نے کپتان تبدیل کر دیے کیونکہ وہ پاکستان سے ہارنا ہضم نہیں کرسکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں نے ٹیم کو متحد رکھنے کیلئے اپنی پوری کوشش کی، میں نے بابراعظم کو بااختیار بنایا، کرکٹ ان کھیلوں میں سے ایک ہے جہاں کپتان کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔

 اگر آپ کا کپتان طاقتور ہے تو نتیجہ آئے گا اور ہمیں نتیجہ ملا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہر طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ جس کے بعد رمیز راجہ کو پی سی بی چیرمین کا عہدہ کھونا پڑا اور نجم سیٹھی کو نئی ذمہ داری ملی۔ تب سے رمیز اپنے بورڈ اور ٹیم انڈیا کے بارے میں مسلسل مختلف ردعمل دے رہے ہیں۔

 ٹیم انڈیا کی بات کریں تو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد بی سی آئی نے ایکشن لیتے ہوئے چیتن شرما کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی کو ختم کردیا۔ یہی نہیں اس کے بعد ٹیم مینجمنٹ بھی کپتانی کی تقسیم کیلئے سنجیدہ ہوگئی اور ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی کمان ہاردک پانڈیا کو دے دی گئی۔ تاہم سرکاری طورپر ابھی تک اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیاگیاہے۔