شمالی بھارت

کامیڈین کنال کامرا کو پیشگی ضمانت منظور، مدراس ہائی کورٹ کا اقدام

مدراس ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز اسٹانڈاپ کامیڈین کنال کامرا کو گرفتاری سے عبوری تحفظ منظور کیا۔ ان کے ایک حالیہ طنزیہ ویڈیو ”نیا بھارت“ کے سلسلہ میں ممبئی پولیس کی جانب سے ان کے خلاف درج کیے گئے کیس میں انہیں گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

چینائی: مدراس ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز اسٹانڈاپ کامیڈین کنال کامرا کو گرفتاری سے عبوری تحفظ منظور کیا۔ ان کے ایک حالیہ طنزیہ ویڈیو ”نیا بھارت“ کے سلسلہ میں ممبئی پولیس کی جانب سے ان کے خلاف درج کیے گئے کیس میں انہیں گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو میں انھوں نے مبینہ طور پر مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کے خلاف طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔ کامرا، ٹاملناڈو کے مستقل رہائشی ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے اور کہا تھا کہ وہ مہاراشٹرا کے حدود میں واقع کسی عدالت سے رجوع ہونے سے قاصر ہیں، کیوں کہ انھیں گرفتاری کا اندیشہ ہے اور شیو سینا کیڈر کی جانب سے جسمانی نقصان پہنچائے جانے کا ڈر ہے۔

وہ ٹاملناڈو کے ضلع ویلو پورم کے ایک دور دراز گاؤں میں فروری 2021 سے مقیم ہیں۔ جسٹس سندر موہن نے بادئ النظر میں اس کیس کو کامیڈین کے حق میں پاتے ہوئے انھیں 7 اپریل 2025ء تک بین ریاستی پیشگی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا۔ سینئر وکیل وی سریش، کامیڈین کی طرف سے پیش ہوئے۔ انھوں نے بتایا کہ کامرا کو زائد از 500 فون کالس موصول ہوئی ہیں، جس میں انھیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

کئی افراد بشمول مہاراشٹرا کے ایک موجودہ وزیر نے انھیں کھلی دھمکی دی ہے اور وہ لوگ انھیں ”شیو سینا کے طرز پر سبق سکھانے“ کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ان کے وکیل نے بتایا کہ کنال کامرا ایک اسٹانڈ اپ کامیڈین ہیں اور طنز و پیروڈی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے تازہ طنزیہ ویڈیو ”نیا بھارت“ میں کسی شخص کا نام نہیں لیا ہے۔

کامیڈین نے اپنی درخواست میں بین ریاستی ضمانت منظور کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ممبئی میں کھار پولیس کی جانب سے گرفتاری کا اندیشہ ہے، کیوں کہ اس نے ان کے خلاف ایک ایف آئی آر پر 24 مارچ کو بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 353(1) (b)، 353 (2) اور 356(2) کے تحت کیس درج کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انھیں اس کیس میں پھنسایا گیا ہے اور ممبئی کا سفر کرنے پر گرفتاری اور جسمانی نقصان پہنچائے جانے کا اندیشہ ہے۔

وہ پیشگی ضمانت چاہتے ہیں، کیوں کہ سیاسی جماعت کے کیڈر کی جانب سے انھیں برسرعام دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ چھتیس سالہ کنال کامرا کو ممبئی میں اپنے حالیہ شو کے دوران ایکناتھ شنڈے کے خلاف طنزیہ تبصرہ کرنے پر مشکلات کا سامنا ہے اور اُن کے تبصرہ کی وجہ سے ایک بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ ممبئی پولیس نے انھیں دو مرتبہ سمن جاری کیا ہے۔