جرائم و حادثات

ٹریکٹر ڈرائیور کا گولی مار کر قتل

مسٹر جین نے کہا کہ پولیس اہل خانہ اور دیگر لوگوں سے پوچھ گچھ کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔

اعظم گڑھ: اترپردیش میں اعظم گڑھ ضلع کے کپتان گنج تھانہ علاقے کے نوالی گاؤں میں کھیت میں ہل چلانے والے ٹریکٹر ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

دیوہتا گاؤں کے ٹریکٹر ڈرائیور سنیل رائے (50) کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ گولی لگنے کے بعد موقع پر سر اور دھڑ الگ الگ پڑے ہوئے پائے گئے۔

فی الحال پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہی چراغ جین کے مطابق کپتان گنج کے دیوہٹا گاؤں کے رہنے والے سنیل رائے (50) کو جمعہ کی شام اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ کھیت میں ہل چلا رہا تھا۔

سنیل کے پاس اپنا ٹریکٹر تھا جس کے ذریعے وہ اپنے خاندان کی روزی روٹی چلاتا تھا۔

کل دن کے وقت وہ تروینی پرجاپتی کے کھیت میں ہل چلانے کے لیے پڑوسی گاؤں نوالی گیا تھا۔ دیر رات سنیل کو نامعلوم شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا جب گولی چلنے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ سنیل کا خون میں لت پت دھڑ ٹریکٹر کے نیچے پڑا ہوا تھا اور برابر میں اس کا سر دھڑ سے الگ پڑا تھا۔

موت کی خبر سے خاندان میں کہرام مچا ہوا ہے۔

مسٹر جین نے کہا کہ پولیس اہل خانہ اور دیگر لوگوں سے پوچھ گچھ کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔

پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ جائے وقوعہ پر گولی لگنے کے بعد سر جسم سے جدا کیسے ہوا۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یا تو ٹریکٹر سے گر کر سر جسم سے الگ ہو گیا اور ٹریکٹر کے ہل کی زد میں آ گیا یا پھر حملہ آوروں نے قتل کے بعد کوئی تیز دھار ہتھیار استعمال کر کے سر کو جسم سے الگ کر دیا۔

فی الحال پولیس نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔