حیدرآباد

200 ایکڑ اراضیات کا تحفظ کرنے کمشنر حائیڈرا کا عزم

حائیڈرا کے کمشنر اے وی رنگناتھ نے کہا ہے کہ گنڈی پیٹ منڈل کے پپا لا گوڑہ گاؤں میں 200 ایکڑ سے زیادہ سرکاری زمین پر تجاوزات کو روک کر اراضیات کو محفوظ کیا جائے گا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) حائیڈرا کے کمشنر اے وی رنگناتھ نے کہا ہے کہ گنڈی پیٹ منڈل کے پپا لا گوڑہ گاؤں میں 200 ایکڑ سے زیادہ سرکاری زمین پر تجاوزات کو روک کر اراضیات کو محفوظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا  یہ کہا جا رہا ہے کہ یہاں مندروں اور درگاہوں کے لیے 10 ایکڑ تک زمین دی گئی ہے، ہم جلد ہی ریونیو حکام کے ساتھ اس کا جائزہ لیں گے اور سرحدوں کی حد بندی کریں گے اورفینسنگ کریں گے۔

کمشنر رنگناتھ نے جمعرات  کو اس میدان کا معائنہ کیا جب دی سوسائٹی ٹو سیو راکس کے نمائندوں نے حال ہی میں حیدرآباد میں ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں پپالاگوڑا میں سروے نمبر 452/1 اور 454/1 میں واقع پہاڑیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف مذاہب کو الاٹ کی گئی زمینوں کی تفصیلات حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم پہاڑیوں کی حفاظت کرتے ہیں جو قدرت کی انمول نشانی ہے اور 250 سال پرانی تاریخ رکھتے ہیں، تو ہم فطرت کوسمجھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا ہم ہائی کورٹ کے اس حکم پر غور کریں گے کہ یہاں کوئی تعمیر نہیں کی جانی چاہیے۔

بعد ازاں،حائیڈرا کے کمشنر نے نا رسنگی علاقہ میں 160 ایکڑ تاریخی چٹانی ٹیلوں کا معائنہ کیا۔ رنگناتھ نے دی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹورزم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ  کے احاطہ میں واقع تالاب کا بھی معائنہ کیا۔ ایک زمانے میں تالاب میں کشتیاں چلائی جاتی تھیں۔

رنگناتھ نے نٹیم کے ڈائریکٹر پروفیسر وینکٹارمن کے ساتھ اس کی ماضی کی شان کو واپس لانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی کیونکہ یہ تالاب اب ایک گندے ڈمپ یارڈ میں تبدیل ہو چکا ہے۔