فرائض کے دوران شہید سب انسپکٹرس، کانسٹیبلس کے ارکان خاندان کو فی کس ایک کروڑ روپئے معاوضہ: وزیر اعلی تلنگانہ
وزیراعلی نے حیدرآباد کے گوشہ محل اسٹیڈیم میں منعقدہ پولیس یادگار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ میں پولیس کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہیدسب انسپکٹرس، کانسٹیبلس کے ارکان خاندان کو فی کس ایک کروڑروپئے، ڈی ایس پی، ایس پیز کے ارکان خاندان کو ایک کروڑ50لاکھ روپئے، ایس پی کے ارکان خاندان کو دو کروڑروپئے معاوضہ دیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے معاملہ میں پولیس کا کردار اہم رہا ہے۔ وزیراعلی نے حیدرآباد کے گوشہ محل اسٹیڈیم میں منعقدہ پولیس یادگار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ میں پولیس کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مہلوک عہدیداروں کے افراد کے ورثاکی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران مرنے والے عہدیداروں کو یاد کرنا تمام کے لیے ایک تحریک ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں کے دوران جرائم کے نئے نئے طریقہ سامنے آرہے ہیں۔
جرائم تیزی سے جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ کیے جا رہے ہیں۔ ہماری فارنسک لیب کئی ریاستوں کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے اس بات کی ستائش کی ہے کہ ہمارے پاس سائبر کرائم یونٹ ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ مرکز نے سائبر کرائم کو روکنے میں تلنگانہ کی پالیسی کی بھی ستائش کی ہے۔ملک میں منشیات کی وباء سے نوجوان متاثر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ریاست میں منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس قربانی اور خدمت کی علامت ہے اور پولیس اپنا فرض نبھانے کے ساتھ ساتھ سماج کو تعاون فراہم کرنے میں سب سے آگے ہے، ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار ہیں۔کے ایس ویاس، پردیسی نائیڈو اورمیش چندرا جیسے عہدیداروں کی قربانیاں یادگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر لااینڈآرڈرملازمتوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں جرائم کی شرح کو قابو میں کرنے کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔گانجہ اور منشیات سے نمٹنے کے لیے ٹی جی نیب قائم کیا گیا ہے۔
ریونت ریڈی نے پولیس سے کہا کہ وہ جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سزادلانے کویقینی بنائیں اور تہواروں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے میں کوتاہی نہ برتیں۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس کی سلامی لی۔