تلنگانہ

کانگریس امیدوار شراونتی کا پرچہ نامزدگی داخل

شراونتی، رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں حلقہ کے عوام کی خدمت کیلئے ایک موقع فراہم کریں۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈ کے ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار پی شراونتی ریڈی نے آج صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی، اتم کمار ریڈی ایم پی، کے جانا ریڈی، سمپت کمار سکریٹری، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ، سیتا اکا ایم ایل اے، سابق وزیر محمد علی شبیر کے ہمراہ چندور ایم آر او آفس پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔

قبل ازیں بنگارو گڈہ سے چندور ایم آر او آفس تک زبردست ریالی نکالی گئی۔ صدر ریونت ریڈی اور پی شراونتی جو گاڑی میں سوار تھے، ریالی کی قیادت کررہے تھے۔ بعدازاں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکہ نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں نے حلقہ منگوڈ کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں، کانگریس کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس واحد جماعت ہے جس نے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے رائے دہندوں کو مشورہ دیا کہ وہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کے لالچ میں آکر انہیں ووٹ نہ دیں۔

کانگریس امیدوار پی شراونتی نے کہا کہ منگوڈ کا ضمنی انتخاب اقتدار، دولت اور عوام کی طاقت کے درمیان مقابلہ ہے۔ شراونتی نے کہا کہ وہ حلقہ کی بیٹی ہیں ان کے والد پی گوردھن ریڈی نے منگوڈ حلقہ سے کئی مرتبہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور حلقہ کی ترقی کیلئے انہوں نے سخت محنت کی ہے۔

شراونتی، رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں حلقہ کے عوام کی خدمت کیلئے ایک موقع فراہم کریں۔ سیتا اکا ایم ایل اے نے شراونتی کو ایک موقع دینے کی اپیل کی ہے۔ صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی ایم پی نے کہا کہ منگوڈ کے ضمنی انتخاب ترقی کے نام پر نہیں ہورہے ہیں بلکہ ایک شخص نے دولت اور اقتدار کے لالچ میں اپنے آپ کو فروخت کردیا ہے اور یہ شخص کانگریس کو یرغمال بناکر ختم کرنا چاہتا ہے۔

اس شخص نے کانگریس کے ساتھ غداری کرکے بی جے پی میں شامل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ منگوڈ ہمیشہ کانگریس کا گڑھ رہا ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس عوام کو گمراہ کرکے ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تین مواضعات چھوٹا مکنور، چنتل پلی اور مکشم پور کو گودلیا تھا لیکن ان کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔

ریونت ریڈی نے کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو دھوکہ بازقرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی گمراہ کن باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔ اگر منگوڈ سے پی شراونتی کامیاب ہوجاتی ہیں تو ریاست کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا راج گوپال ریڈی دنڈی پراجکٹ کیلئے5 ہزار کروڑ روپے دے سکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کی جیت جمہوریت کی کامیابی ہوگی۔