کے وینکٹ ریڈی‘ بھائی کے خلاف انتخابی مہم نہیں چلائیں گے
گاندھی بھون میں اے آئی سی سی کے صدارتی الیکشن میں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے بعد کے وینکٹ ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کردیا کہ وہ منگوڈ کی انتخابی مہم سے دور رہیں گے۔
حیدرآباد: کانگریس کے ایم پی و پارٹی کے اسٹار کمپینئر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پیر کے روز واضخ کردیا کہ وہ حلقہ اسمبلی منگوڈ کے ضمن انتخاب کی مہم نہیں چلائیں گے جہاں سے ان کے بھائی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی بی جے پی اُمیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں ہیں۔
گاندھی بھون میں اے آئی سی سی کے صدارتی الیکشن میں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے بعد کے وینکٹ ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کردیا کہ وہ منگوڈ کی انتخابی مہم سے دور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ”ہوم گارڈ کی طرح میری وہاں کوئی ضرورت نہیں ہے۔ صرف ایس پی سطح کے قائدین وہاں جائیں گے“ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا وہ ضمنی الیکشن میں پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے تو کانگریس کے ایم پی نے یہ طنزیہ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف اگر ایک سوے سے زائد مقدمات بھی درج ہوتے ہیں تو وہ‘ پارٹی کو برسراقتدار لائیں گے۔ وہ‘ ضرور وہاں جائیں گے۔ کانگریس پارٹی کے وہ ادنیٰ کارکن ہیں۔
وینکٹ ریڈی نے بظاہر کسی کا نام نہیں لیا مگر ان کا اشارہ غالباً صدرپردیش کانگریس اے ریونت ریڈی کی طرف تھا۔ ضلع نلگنڈہ کے حلقہ اسمبلی منگوڈ کا ضمنی انتخاب شیڈول کے مطابق 3 / نومبر کو منعقدشدنی ہے۔
وینکٹ ریڈی کے بھائی کے راجگوپال ریڈی کی کانگریس اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد حلقہ کا ضمنی انتخاب ناگزیر ہوگیا تھا۔ بعد ازاں راجگوپال ریڈی‘ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے یہ قیاس لگایا جارہا ہے کہ بھائی کی طرح کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھی کانگریس سے وفاداری ختم کرنے والے ہیں اور وہ بھی بی جے پی سے اپنا ناطہ جوڑ سکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ضمنی الیکشن سے دور رہنے کے لئے بھونگیر کے ایم پی بیرون ملک کے دورہ پر جانے والے ہیں۔
پارٹی قیادت نے اپریل میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو کانگریس کا اسٹار کمپینئر مقرر کیا تھا تاہم وہ‘ منگوڈ میں پارٹی کی سرگرمیوں سے دور رہے تھے۔ گزشتہ جون میں ریونت ریڈی کو صدرپردیش کانگریس بنانے پر انہوں نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔