حیدرآباد میں کانگریس کی سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس
پارٹی اور حکومت کو چلانے کے سلسلہ میں مختلف امور توقع ہے کہ اس اجلاس میں موضوع بحث ہوں گے۔پی سی سی کے کارگذارصدرمہیش کمارگوڑنے میڈیا کو بتایا کہ کمیٹی کانگریس کا فیصلہ ساز ادارہ ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت کانگریس کی سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس پیر کو ہوگا۔ذرائع کے مطابق پارٹی کے ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون میں ہونے والے اس اجلاس میں مختلف امور کے ساتھ ساتھ نامزد عہدوں کو پُرکرنے کے بارے میں بھی تفصیلی طورپر تبادلہ خیال کی توقع ہے۔
ریاست میں کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد پہلی مرتبہ اس کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے۔اس اجلاس میں تلنگانہ کانگریس کے سربراہ و وزیراعلی ریونت ریڈی کے بشمول وزرا اور پارٹی کے اہم لیڈران شرکت کریں گے۔سمجھاجاتا ہے کہ اس اجلاس میں ریاست میں کانگریس کو برسراقتدارلانے پر ریاست کے عوام سے اظہارتشکر کرنے کیلئے ایک قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔
ریاست میں کانگریس دس سال کے بعد اقتدارمیں آئی ہے۔پارٹی اور حکومت کو چلانے کے سلسلہ میں مختلف امور توقع ہے کہ اس اجلاس میں موضوع بحث ہوں گے۔پی سی سی کے کارگذارصدرمہیش کمارگوڑنے میڈیا کو بتایا کہ کمیٹی کانگریس کا فیصلہ ساز ادارہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست کے عوام سے اظہارتشکر کے بشمول 6ضمانتوں پر کس طرح عمل کیاجائے اور کامیابی کے ساتھ عوام تک ان کو پہنچایاجائے، اس پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ریاست کے مخلوعہ نامزد عہدوں کو پُرکیاجائے گا، اس میں کوئی جلد بازی نہیں ہے۔اے آئی سی سی انچارج مانک راو ٹھاکرے اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔اے آئی سی سی سکریڑیز کے بشمول ریاستی کانگریس کے لیڈران شرکت کریں گے۔