دہلی

خواجہ غریب نوازؒ کے 813 ویں عرس کے موقع پر عمران پرتاپ گڑھی کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سونپی چادر

کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی سب سے پہلے چادر چڑھائیں گے اور ملک کی خوشحالی، امن، بھائی چارے کے لیے دعا کریں گے۔ دعا کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی طرف سے درگاہ کے بلند دروازہ سے زائرین کے نام بھیجے گئے پیغام کو پڑھ کر سنائیں گے۔

نئی دہلی: اجمیر شریف میں خواجہ غریب نواز کے 813 ویں عرس کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سلطان ہند غریب نواز کی درگاہ پر روایتی چادر بھیجی آج ملکا ارجن کھڑگے نے یہ روایتی چادر کانگریس اقلیتی محکمہ کے قومی صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کو سونپی، عمران پرتاپ گڑھی 6 جنوری کو ملک بھر سے کانگریس اقلیتی محکمہ کے کارکنوں کے ساتھ اس چادر کو لیکر راجستھان پہنچیں گے۔

متعلقہ خبریں
وزیراعظم کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف کو چادر کی روانگی پر نقوی کا ردعمل

کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی سب سے پہلے چادر چڑھائیں گے اور ملک کی خوشحالی، امن، بھائی چارے کے لیے دعا کریں گے۔ دعا کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی طرف سے درگاہ کے بلند دروازہ سے زائرین کے نام بھیجے گئے پیغام کو پڑھ کر سنائیں گے۔

کانگریس کے صدر کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ اجمیر کے خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی کے 813 ویں عرس مبارک کے موقع پر خواجہ کی بارگاہ میں اپنی اور پوری کانگریس پارٹی کی طرف سے چادر بھیج کر میں انتہائی خوش قسمتی محسوس کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ سلطان الہند کے آستانہ مبارک پر پرخلوص جذبات اور عقیدت کے ساتھ چادر چڑھائی جاتی ہے، چادر چڑھانے کا یہ خوبصورت موقع ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب، قومی اتحاد، باہمی بھائی چارے، پیار ومحبت، ادب اور رواداری کی علامت ہے۔ اس سے پوری دنیا میں یہی پیغام جاتا ہے کہ ہندوستان میں قومی اتحاد اور بھائی چارہ کی جڑیں انتہائی گہری ہیں۔

رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کے ساتھ ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ملک بھر کے کانگریس اقلیتی محکمہ کے کارکن موجود تھے۔ جس میں خصوصی طور سے حیدرآباد سے محمد اظہر الدین، جھارکھنڈ اقلیتی کانگریس کے ریاستی صدر منظور احمد انصاری، دہلی کےواحد قریشی، شاہنواز عالم، کانگریس اقلیتی شعبہ کے میڈیا ہیڈ عدنان اشرف اور کلیر سے ایم ایل اے فرقان احمد وغیرہ موجود تھے۔