حیدرآباد

نتیش کمار کے حجاب کھینچنے کے خلاف حیدرآباد میں کانگریس کا احتجاج، واقعہ کو انتہائی شرمناک قرار دیا

حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے منسوب حجاب واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کی عزت اور آئینی حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔

حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے منسوب حجاب واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کی عزت اور آئینی حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اس واقعہ کے خلاف 20 دسمبر کو حیدرآباد میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حیدرآباد ڈی سی سی کے صدر سید خالد سیف اللہ نے کہا کہ ایک سرکاری تقریب میں خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنا انتہائی شرمناک عمل ہے اور یہ عورت کی نجی زندگی، وقار اور آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کی ضمانت آئین کے آرٹیکل 21 میں دی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ نہ مذہب کا ہے اور نہ سیاست کا بلکہ ہر عورت کی عزت سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص، خواہ وہ کتنے ہی بڑے عہدے پر فائز کیوں نہ ہو، کسی عورت کو سرعام ذلیل کرنے کا حق نہیں رکھتا۔

کانگریس قیادت نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ پر فوری کارروائی کی جائے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ طاقت کے نشے میں اس طرح کے اقدامات کو نظر انداز کرنا معاشرے کے لیے خطرناک پیغام دیتا ہے۔

سید خالد سیف اللہ نے بتایا کہ 20 دسمبر کو شام 4 بجے پرامن احتجاج کیا جائے گا، جس کی جگہ پولیس اجازت کے بعد طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا اور خواتین کی عزت و وقار کے تحفظ کا مضبوط پیغام دے گا۔

انہوں نے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاج میں شامل ہوں اور خواتین کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد اس وقت خاموش نہیں رہ سکتا جب اقتدار میں بیٹھے افراد عورت کی عزت پامال کریں۔

اس واقعہ کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث تیز ہو گئی ہے اور کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ آئینی اقدار اور خواتین کے وقار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔